اردن نے بھی کی اہانت رسولؐ کی شدید مذمت، سعودی عرب اور ایران سمیت درجن بھر ممالک ہیں ناراض
اردن نے پیغمبر محمدؐ کے بارے میں دیے گئے متنازعہ بیانات کی شدید مذمت کی ہے، اس سے قبل سعودی عرب، ایران، قطر، کویت اور پاکستان سمیت درجن بھر ممالک اس سلسلے میں ناراضگی ظاہر کر چکے ہیں۔
بی جے پی نے بھلے ہی اپنے ترجمانوں نوپور شرما اور نوین کمار جندل کو معطل کر دیا ہے، لیکن اہانت رسولؐ کو لے کر عالمی سطح پر مودی حکومت کو لگاتار تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق مغربی ایشیا کے ملک اردن نے بھی بی جے پی کے دو سابق لیڈروں کے ذریعہ پیغمبر محمد کے بارے میں دیے گئے متنازعہ بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب، ایران، قطر، کویت اور پاکستان سمیت درجن بھر ممالک اس سلسلے میں ناراضگی ظاہر کر چکے ہیں۔ کئی ممالک اس سلسلے ہندوستانی سفیر کو طلب کر بھی اپنی برہمی کا اظہار کر چکے ہیں۔
قطر، کویت اور پاکستان جیسے ممالک نے 5 جون کو ہی بی جے پی لیڈروں کے بیانات پر اپنا اعتراض ظاہر کیا تھا۔ سعودی عرب نے 6 جون کو اس سلسلے میں بیان جاری کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت خارجہ کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس کے مطابق سعودی عرب نے بی جے پی ترجمان نوپور شرما کے تبصرے کو ’ہتک آمیز‘ بتایا اور ’اعتقادات و مذاہب کے لیے احترام‘ کی اپیل کی۔
سعودی عرب سے پہلے اس معاملے میں قطر، کویت اور ایران نے اتوار کو ہندوستانی سفیر کو طلب کیا تھا۔ دوحہ میں بھی ہندوستانی سفیر کو وزارت خارجہ نے طلب کیا اور ایک آفیشیل اعتراض نامہ سونپا جس میں کہا گیا تھا کہ ’’قطر حکومت ہند سے عوامی معافی اور ان تبصروں کی فوری مذمت کی امید کر رہا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔