’اسرائیل ایک دہشت گرد ملک ہے‘، غزہ میں لگاتار بمباری سے ناراض ہوا ترکیے

غزہ کے الشفا اسپتال میں اسرائیلی فوج کی انٹری کے بعد ترکیے کے صدر طیب اردغان نے کہا کہ ’’میں یہاں واضح لفظوں میں کہنا چاہتا ہوں کہ اسرائیل ایک دہشت گرد ملک ہے۔‘‘

طیب اردغان، تصویر یو این آئی
طیب اردغان، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

غزہ کے الشفا اسپتال پر اسرائیلی فوج کی کارروائی کے بعد ترکیے نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ترکیے کے صدر رجب طیب اردغان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل دہشت گردی پر آمادہ ہے اور غزہ میں معصوم شہریوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ ناقابل قبول ہے۔ خود کو فلسطینیوں کا محافظ بتانے والے اردغان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’میں یہاں واضح لفظوں میں کہنا چاہتا ہوں کہ اسرائیل ایک دہشت گرد ملک ہے۔‘‘

یہ بیان ترکیے کے صدر نے پارلیمنٹ میں اراکین پارلیمنٹ سے بات کرتے ہوئے دیا۔ ساتھ ہی انھوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو سے یہ اعلان کرنے کے لیے بھی کہا کہ اسرائیل بتائے کہ اس کے پاس نیوکلیائی بم ہے یا نہیں۔ اردغان نے اس موقع پر حماس کی حمایت بھی کی اور کہا کہ حماس دہشت گرد تنظیم نہیں ہے بلکہ وہ ایک سیاسی پارٹی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ ترکیے کے صدر طیب اردغان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی فوج غزہ کے الشفا اسپتال میں داخل ہو چکی ہے۔ الشفا اسپتال کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ حماس وہاں سے اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا کرتا تھا۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ حماس اپنے جنگجوؤں کے لیے اسپتال کو کور کی شکل میں استعمال کر رہا ہے اور اسپتال کے بیسمنٹ میں اپنا ہیڈ کمانڈر سنٹر قائم کیا ہوا ہے۔

اس درمیان الشفا اسپتال میں اسرائیلی فوج کی انٹری سے متعلق اسپتال کے ڈائریکٹر محمد ذکاؤت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ٹینک میڈیکل احاطہ کے اندر تھے اور فوجی ایمرجنسی و سرجری محکموں سمیت ہر علاقے میں گھس گئے تھے۔ اس سے قبل اسپتال کے قریب اسرائیلی ٹینک موجود ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔