کرسی-ٹیبل اور ٹوئٹر کا لوگو بیچنے کے بعد بھی ہیڈکوارٹر کا کرایہ ادا نہیں کر سکے ایلن مسک، مقدمہ درج
عمارت کے مالک کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کمپنی 1355 مارکیٹ اسٹریٹ میں اپنے ہیڈکوارٹر کا کرایہ دسمبر کے لیے 3.36 ملین ڈالر اور جنوری کے لیے 3.42 ملین ڈالر کا پیمنٹ نہیں کر پائی ہے۔
ایلن مسک نے جب سے ٹوئٹر کو خریدا ہے، اس کمپنی کو لے کر لگاتار بری خبریں ہی سامنے آ رہی ہیں۔ کمپنی کی خستہ حالی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ ایلن مسک نے امریکہ میں ٹوئٹر کوارٹر تک کا کرایہ ادا نہیں کیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب عمارت کے مالک کی طرف سے اس معاملے میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔ درج شکایت کے مطابق ٹوئٹر پر قابض ہونے کے بعد سے ہی ایلن مسک نے ٹوئٹر کے سین فرانسسکو ہیڈکوارٹر کا کرایہ نہیں دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مذہبی جنون نہیں تحقیقی سوچ کی ضرورت ہے
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمارت کے مالک نے 23 جنوری کو کیلیفورنیا میں اسٹیٹ کورٹ میں داخل ایک مقدمے میں کہا کہ سوشل میڈیا کمپنی 1355 مارکیٹ اسٹریٹ میں اپنے ہیڈکوارٹر کا کرایہ دسمبر کے لیے 3.36 ملین ڈالر اور جنوری کے لیے 3.42 ملین ڈالر کا پیمنٹ نہیں کر پائی ہے۔ درج شکایت کے مطابق ٹوئٹر نے سین فرانسسکو عمارت کی آٹھ منزلوں پر 460000 اسکوائر فٹ سے زیادہ جگہ کرایہ پر لی ہے۔ بلڈنگ کے مالک نے سیکورٹی کے طور پر 3.6 ملین ڈالر کے کریڈٹ کا لیٹر رکھا ہے، جسے 10 ملین ڈالر تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔
قابل ذکر یہ ہے کہ ابھی حال ہی میں ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹیو افسر نے سین فرانسسکو ہیڈکوارٹر سے 631 سامانوں کی نیلامی کا انعقاد کیا تھا، لیکن اس کے باوجود کرایہ کی ادائیگی نہیں کی جا سکی ہے۔ ایلن مسک نے آن لائن نیلامی کے دوران تقریباً 100 چیزوں کو اچھی قیمت پر فروخت کیا تھا۔ اس میں صرف ایک ٹوئٹر کے لوگو کو 1 لاکھ ڈالر یعنی تقریباً 81 لاکھ روپے میں فروخت کیا گیا۔ اس کے علاوہ ٹوئٹر ہیڈکوارٹر سے ڈیزائنر کرسی، ٹیبل اور کافی مشین جیسی چیزیں بھی فروخت کی گئی تھیں۔ یہ نیلامی تقریباً 27 گھنٹے چلی تھی اور اس دوران کچھ چیزوں کی نیلامی زیادہ قیمت ہونے کے سبب نہیں ہو پائی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔