حیرت انگیز! چین نے امریکہ کی طرف بڑھایا دوستی کا ہاتھ، 2 ’بڑے پانڈے‘ تحفتاً پیش

یہ پیش قدمی فروری میں سی ڈبلیو سی اے اور سین ڈیئگو چڑیا گھر کے درمیان دستخط کیے گئے ایک معاہدے کے بعد کی گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>پانڈا، ویڈیو گریب</p></div>

پانڈا، ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

چین اور امریکہ کے درمیان تلخ رشتے کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔ لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ حالات کچھ بہتر ہو رہے ہیں۔ یہ اندازہ اس لیے لگایا جا رہا ہے کیونکہ چین نے امریکہ کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ چین نے دو دہائی بعد پہلی مرتبہ امریکہ کو دو بڑے ’پانڈے‘ (بھالو جیسا نظر آنے والا جانور) یُن چوان اور شِن باؤ بطور تحفہ پیش کیا ہے۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق دو بڑے پانڈوں کو چین سے کیلیفورنیا کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔ انھیں بدھ کی شب چائنا وائلڈ لائف کنزرویشن ایسو سی ایشن (سی ڈبلیو سی اے) کے بفنگ کسیا بیس سے ایک چارٹرڈ طیارہ سے اپنے نئے گھر سین ڈیئگو چڑیا گھر کے لیے روانہ کیا گیا۔ دراصل رواں سال فروری ماہ میں سی ڈبلیو سی اے اور سین ڈئیگو چڑیا گھر کے درمیان ایک معاہدہ پر دستخط ہوا تھا، جس کے بعد چین نے اب یہ دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ سین ڈیئگو کے میئر ٹاڈ گلوریا نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’یہ ایک تاریخی تحفظ سے متعلق شراکت داری ہے جو ان شاندار جانوروں اور ان کی رہائش کی حفاظت کرنے میں مدد کرے گی۔‘‘ گلوریا کا کہنا ہے کہ یہ (پانڈا) ملک کے لیے ایک طرح کی علامت ہے۔ انھیں چین کی ثقافتی اور قومی شناخت کی شکل میں قبول کیا جاتا ہے۔


واضح رہے کہ حال ہی میں سین ڈیئگو چڑیا گھر وائلڈ لائف الائنس کی ٹیم کے لیڈران نے دونوں پانڈوں سے ملنے کے لیے چین کا سفر کیا تھا۔ یُن چوان تقریباً 5 سال کا نر پانڈا ہے جس کی ماں کی پیدائش 2007 میں سین ڈیئگو چڑیا گھر میں ہوئی تھی۔ دوسری طرف شِن باؤ 4 سال کی مادہ پانڈا ہے، جس کی پیدائش سچوان علاقہ کے وولونگ شین شوپنگ پانڈا بیس میں ہوئی تھی۔

اس درمیان سی سی آر سی جی پی کے ڈپٹی ڈائریکٹر لی دیسینگ نے چائنا شنہوا نیوز کو بتایا کہ یُن چوان اور شِن باؤ چین و متحدہ ریاست امریکہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط کریں گے۔ سین ڈیئگو چڑیا گھر وائلڈ لائف الائنس کے سی ای او پال بیریبالٹ نے کہا کہ ہم نے دونوں پانڈوں کے رہنے کی جگہ کا دورہ کیا ہے اور ان کے لیے سبھی طرح کے کھانے کا انتظام بھی کیا ہے۔ اس سے وہ گھر جیسا محسوس کریں گے اور انھیں نئی جگہ پر کسی طرح کی دقت کا سامنا نہیں ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔