برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم نے رِشی سُنک کو وزیر اعظم مقرر کرتے ہوئے حکومت سازی کے لیے کیا مدعو

رشی سُنک نے اپنے خطاب میں عوام کو یقین دلایا کہ وہ برطانیہ کو خوشحال بنائیں گے، انھوں نے کہا کہ یہ حکومت ہر سطح پر ایمانداری اور جوابدہی کے ساتھ آگے بڑھے گی۔

برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم اور وزیر اعظم رشی سُنک کی ملاقات
برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم اور وزیر اعظم رشی سُنک کی ملاقات
user

قومی آواز بیورو

کنزرویٹو پارٹی کے نئے لیڈر رشی سُنک کو برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم نے آج برطانیہ کا نیا وزیر اعظم مقرر کر دیا۔ رِشی سُنک نے 25 اکتوبر کو لندن کے بکنگھم پیلس میں بادشاہ چارلس سوئم سے ملاقات کی۔ وہاں بادشاہ چارلس سوئم نے انھیں حکومت سازی کے لیے مدعو کرتے ہوئے ملک کا نیا وزیر اعظم مقرر کیا۔

برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم اور وزیر اعظم رشی سُنک کی ملاقات
برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم اور وزیر اعظم رشی سُنک کی ملاقات
تصویر آئی اے این ایس

قابل ذکر ہے کہ برطانیہ کے سابق وزیر مالیات رشی سُنک ہند نژاد ہیں اور وہ گزشتہ 210 سال میں برطانیہ کے سب سے کم عمر کے وزیر اعظم ہیں۔ بادشاہ چارلس سوئم سے ملاقات کے بعد رشی سُنک نے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ پر اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ ’’میں غلطیوں کی اصلاح کے لیے منتخب کیا گیا ہوں۔ میں وعدہ کرتا ہوں کہ میں ایمانداری اور انکساری کے ساتھ آپ کی خدمت کروں گا اور برطانیہ کے لوگوں کی لگاتار خدمت کروں گا۔ ہم ساتھ مل کر حیرت انگیز چیزیں حاصل کر سکتے ہیں۔ ہم لائق مستقبل کی تعمیر کریں گے۔‘‘


رشی سُنک نے اپنے خطاب میں عوام کو یقین دلایا کہ وہ برطانیہ کو خوشحال بنائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہ حکومت ہر سطح پر ایمانداری اور جوابدہی کے ساتھ آگے بڑھے گی۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’اعتماد حاصل کیا جاتا ہے، اور میں آپ سب کا یقین کماؤں گا۔ برطانیہ ایک عظیم ملک ہے، لیکن اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ ملک ایک سنگین معاشی چیلنج کا سامنا کر رہا ہے۔ آگے مشکل فیصلے لیے جائیں گے۔ اس وقت ہمارا ملک گہرے معاشی بحران سے نبرد آزما ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔