گردابی طوفان ’سِترنگ‘ مغربی بنگال ہوتے ہوئے آسام پہنچا، زبردست نقصان کا اندازہ، اگلے 6 گھنٹے تشویشناک
آسام میں اس وقت تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور زوردار بارش بھی شروع ہو چکی ہے، محکمہ موسمیات نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ آئندہ 6 گھنٹے تشویشناک ہیں۔
بنگلہ دیش میں تباہی برپا کرنے کے بعد گردابی طوفان سِترنگ نے مغربی بنگال ہوتے ہوئے آسام میں قدم رکھ دیا ہے۔ مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں میں بھی اس طوفان نے خوفناک نظارہ پیش کیا، لیکن پہلے سے اٹھائے گئے احتیاطی اقدام کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان نہیں ہوا۔ اس درمیان آسام سے جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس میں بتایا جا رہا ہے کہ اس طوفان نے کافی نقصان پہنچایا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آسام میں اس وقت تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور زوردار بارش بھی شروع ہو چکی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ آئندہ 6 گھنٹے تشویشناک ہیں، اور اس دوران آسام کے ساتھ ساتھ اس سے ملحق ریاستوں میگھالیہ، میزورم اور تریپورہ میں 25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ چھ گھنٹے بعد طوفانی ہواؤں اور تیز بارش میں کمی ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔ گویا کہ اگلے کچھ گھنٹے مشکل گزرنے والے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اروناچل پردیش، شمال مشرقی آسام، میگھالیہ اور ناگالینڈ کے ایسے حصے، جہاں ابھی سِترنگ کا اثر زیادہ دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے، وہاں بھی آئندہ کچھ گھنٹوں میں زوردار بارش یا پھر ہلکی بارش کا اندیشہ ہے۔ بنگلہ دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ گردابی طوفانی سِترنگ منگل یعنی آج شام تک کمزور ہو کر کم دباؤ والے علاقہ میں بدل سکتا ہے۔ یہ جانکاری آئی ایم ڈی کے ذریعہ بھی دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔