روس کی جیل میں خونیں تصادم، 4 حملہ آور سمیت 8 افراد کی موت، مہلوکین میں جیل اہلکار بھی شامل

حالات کو قابو میں کرنے کے لیے روس کی اسپیشل فورس نے خصوصی مہم چلائی جس میں سبھی 4 حملہ آور مارے گئے، ان چاروں کا تعلق ازبکستان اور تاجکستان سے تھا۔

جیل، علامتی تصویر آئی اے این ایس
جیل، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

روس کی ایک جیل میں خونیں تصادم کا معاملہ سامنے آیا ہے جس میں کم از کم 8 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ واقعہ وولگوگراد علاقہ میں موجود آئی کے-19 سروویکینو جیل میں پیش آیا جہاں 4 قیدیوں نے ہی جیل اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا اور کچھ قیدیوں کو بھی اپنے قابو میں کر لیا۔ ان چاروں قیدیوں کا تعلق اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس آئی ایس) سے بتایا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چاروں حملہ آوروں نے آئی ایس آئی ایس کی تعریف کی اور کہا کہ یہ کارروائی مسلمانوں کے خلاف ہو رہے مظالم کا بدلہ ہے۔

یہ واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا جب قیدیوں اور جیل اہلکاروں کی ایک میٹنگ چل رہی تھی۔ اچانک جیل اہلکاروں پر کچھ قیدیوں نے حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے یہ حملہ چاقو سے کیا جس میں کم از کم 4 گارڈ کی موت ہو گئی۔ اس حملے کے دوران حملہ آوروں نے یرغمالوں کے ساتھ ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں انھوں نے اپنی پہچان اسلامک اسٹیٹ سے جوڑی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ حملہ روس کے ذریعہ مسلمانوں کے تئیں کیے گئے مظالم کا بدلہ ہے۔


جیل میں پیدا مشکل حالات کو قابو میں کرنے کے لیے فوری طور پر روس کی اسپیشل فورس نے خصوصی مہم چلائی۔ اس مہم کے دوران چاروں حملہ آور ہلاک ہو گئے اور سبھی یرغمال جیل اہلکاروں و قیدیوں کو آزاد کر لیا گیا۔ حملہ آوروں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ ان کا تعلق ازبکستان اور تاجکستان سے تھا۔ اس خونیں تصادم میں چار دیگر گارڈ زخمی بھی ہوئے ہیں جن کا علاج چل رہا ہے۔ جیل میں پیش آئے اس حادثہ کے بعد روس میں نسلی کشیدگی بڑھنے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔