’پیجر دھماکوں‘ کے بعد ایران میں ’پاسدارانِ انقلاب‘ نے اٹھایا بڑا قدم، مواصلاتی آلات استعمال کرنے پر پابندی عائد
پاسداران انقلاب نے تمام اراکین کے مواصلاتی آلات کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے، خبروں کے مطابق تمام آلات کا معائنہ کیا جا رہا ہے اور ساتھ ہی جوہری و میزائل سائٹس پر بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
بیروت اور لبنان کے کئی علاقوں میں گزشتہ دنوں ’پیجر دھماکوں‘ نے سبھی کو حیران کر کے رکھ دیا تھا۔ اب اس کے نتائج سامنے آنے لگے ہیں اور ایران سے ایک بڑی خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ ’پاسدارانِ انقلاب‘ نے مواصلاتی آلات کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ لبنان میں حزب اللہ کے زیر استعمال پیجرز اور واکی ٹاکیز میں دھماکوں کے بعد پاسدارانِ انقلاب نے تمام اراکین کو ہدایت دی ہے کہ وہ مواصلاتی آلات کا استعمال بند کر دیں۔
ایک خبر رساں ایجنسی نے جانکاری دی ہے کہ پاسدارانِ انقلاب نے تمام آلات کا معائنہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، اب تو جوہری اور میزائل سائٹس پر سیکورٹی میں بھی خاطر خواہ اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ایرانی سکیورٹی اہلکار کے مطابق ایران کو اسرائیلی ایجنٹوں کی دراندازی کو لے کر بھی تشویش ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حملوں سے بچنے کے لیے پاسداران انقلاب گارڈز کے اہلکاروں کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔
ایسی رپورٹس سامنے آ رہی ہیں کہ حزب اللہ کی پھٹنے والی ڈیوائسز جائزوں کے لیے تہران میں ایرانی ماہرین کو بھیجی گئی ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایران کی مسلح افواج نے دو دہائیوں سے پیجر کا استعمال بند کر رکھا ہے، لیکن جس طرح سے پیجر اور واکی ٹاکی کا دھماکہ لبنان میں ہوا ہے اس نے پوری دنیا کو مختلف نہج پر سوچنے کو مجبور کر دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔