حماس چیف یحییٰ سنوار کی شہادت کے 15 دن بعد سامنے آیا ان کا آخری پیغام، تنظیم میں بھرے گا جوش!
یحییٰ سنوار نے وصیت میں لکھا ہے کہ ’’ہمیں سمجھنا ہوگا یہ ایک جنگ ہے اور یہ جنگ بہت سے لوگوں کی توقع سے زیادہ طویل ہو سکتی ہے۔ لیکن یہ جنگ جتنی طویل ہوگی ہم آزادی کے اتنے ہی قریب پہنچیں گے۔‘‘
اسرائیلی فوج کی بربریت کا جانفشانی کے ساتھ مقابلہ کر رہی تنظیم حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت کے 15 دن بعد ان کا آخری پیغام سامنے آیا ہے جو تنظیم کے لیڈران و کارکنان میں جوش بھرنے والا ہے۔ خبر رساں ایجنسی ’یو این آئی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ شہید یحییٰ سنوار کی آخری وصیت منظر عام پر آئی ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ’’اپنے آپ کو ایک طویل اور شدید جنگ کے لیے تیار کرو۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ حماس چیف یحییٰ سنوار 16 اکتوبر کو غزہ کے علاقہ رفح میں اسرائیلی فورسز سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے تھے۔ وہ اسرائیلی فوج کے لیے خوف کی ایک علامت تصور کیے جاتے تھے۔ ان کی شہادت کے باوجود اسرائیل کے سامنے حماس جھکنے کو تیار دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ اب سنوار کی آخری وصیت سامنے آئی ہے جو حماس کے رہنما اسامہ حمدان نے میڈیا کو پڑھ کر سنائی۔ انھوں نے بتایا کہ اپنی شہادت سے دو ہفتہ قبل یحییٰ سنوار نے خط لکھا تھا جس میں قیادت اور کارکنوں کو مخاطب کیا گیا ہے۔
اپنی وصیت میں یحییٰ سنوار نے واضح لفظوں میں لکھا ہے کہ ’’ہمیں سمجھنا ہوگا یہ ایک جنگ ہے اور یہ جنگ بہت سے لوگوں کی توقع سے زیادہ طویل ہو سکتی ہے۔ لیکن یہ جنگ جتنی طویل ہوگی ہم آزادی کے اتنے ہی قریب پہنچیں گے۔ یہ ہماری زمین سے اسرائیل کے وجود کا خاتمہ ہوگا۔‘‘ انھوں نے اس وصیت میں حکم دیا کہ ’’اپنے آپ کو ایک طویل اور شدید جنگ کے لیے تیار کرو۔ اس قبضے سے ہم باہر نکلیں گے اور بیت المقدس کے دروازے پر پہنچیں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔