’ہم ہندوستان کو اُکسانے کی کوشش نہیں کر رہے‘، کناڈا کے وزیر اعظم ٹروڈو کا تیور ہوا نرم!
کناڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ کناڈا سکھ علیحدگی پسند لیڈر کے قتل سے جڑے ہونے کو لے کر ہندوستان کو اُکسانے کی کوشش نہیں کر رہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ نئی دہلی اس ایشو کو سنجیدگی سے لے۔
کناڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے علیحدگی پسند سکھ لیڈر ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے پیچھے حکومت ہند کی سازش کا الزام لگایا تھا جس کے بعد ہندوستان نے اپنا سخت اعتراض ظاہر کیا تھا۔ اب جسٹن ٹروڈو کا تیور کچھ نرم ہوتا نظر آ رہا ہے۔ انھوں نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ’’ہم ہندوستان کو اکسانے کی کوشش نہیں کر رہے ہیں۔ ہم بس اتنا چاہتے ہیں کہ ہندوستان اس معاملے کو سنجیدگی سے لے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ رواں سال جون میں کناڈا کے ایک اہم خالصتانی لیڈر ہردیپ سنگھ نجر کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ کناڈا کے سرے میں واقع گرو نانک سکھ گرودوارے کے نزدیک دو نامعلوم حملہ آوروں نے نجر پر حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں اس کی موت ہو گئی تھی۔ اس معاملے پر گزشتہ روز کناڈا کے وزیر اعظم ٹروڈو نے الزام عائد کیا تھا کہ اس کے پیچھے حکومت ہند کی سازش ہو سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کناڈائی سیکورٹی ایجنسیوں کے پاس یہ ماننے کی وجہ ہے کہ حکومت ہند کے ایجنٹوں نے ہی نجر کا قتل کیا۔ کناڈائی ایجنسیاں نجر کے قتل میں ہندوستان کی سازش کے امکانات کی جانچ کر رہی ہیں۔ ٹروڈو نے یہ بھی زور دیا کہ کناڈا کی زمین میں کناڈائی شہری کے قتل میں کسی بھی طرح سے ملوث ہونے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
ان الزامات کے بعد ہندوستان کی طرف سے سخت اعتراض ظاہر کیا گیا۔ ہندوستانی وزارت کارجہ نے کناڈا کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ ہندوستان نے کہا کہ اس طرح کا الزام صرف ان خالصتانی دہشت گرد اور شدت پسندوں سے دھیان ہٹانے کے لیے ہے جنھیں طویل مدت سے کناڈا میں پناہ دی جا رہی ہے اور جو ہندوستان کی علاقائی اتحاد و سالمیت کے لیے لگاتار خطرہ بنے ہوئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔