اسرائیل سے ہندوستانیوں کی واپسی کے لیے ’آپریشن اجئے‘ شروع کرنے کا اعلان، کل روانہ ہوگی خصوصی فلائٹ

مرکزی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’اسرائیل سے ہندوستان آنے کے خواہش مند لوگوں کے لیے آپریشن اجئے لانچ کر رہے ہیں، اسپیشل چارٹر فلائٹ کا انتظام کیا جا رہا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>اسرائیل پر حماس کے حملے کی تصویر،&nbsp;@JoeTruzman</p></div>

اسرائیل پر حماس کے حملے کی تصویر،@JoeTruzman

user

قومی آواز بیورو

اسرائیل پر فلسطینی تنظیم حماس کے ذریعہ کیے گئے حملے کے پانچ دن ہو چکے ہیں، لیکن حالات دن بہ دن تشویشناک ہی ہوتے جا رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے اسرائیل میں موجود لوگ انتہائی خوف کے عالم میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ کئی ممالک کے باشندے وہاں سے جلد از جلد نکلنا چاہتے ہیں، لیکن حالات سازگار نہیں ہیں۔ اس درمیان ہندوستان نے اسرائیل میں مقیم ہندوستانیوں کی وطن واپسی کے لیے ’آپریشن اجئے‘ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

دراصل مرکزی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں ’آپریشن اجئے‘ سے متعلق جانکاری دی ہے۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’اسرائیل سے ہندوستان آنے کے خواہش مند لوگوں کے لیے آپریشن اجئے لانچ کر رہے ہیں۔ اسپیشل چارٹر فلائٹ اور دیگر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ بیرون ممالک میں رہنے والے اپنے شہریوں کی سیکورٹی اور بھلائی کے لیے ہم پوری طرح سے پابند عہد ہیں۔‘‘


وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کے سوشل میڈیا پوسٹ پر اسرائیل میں موجود ہندوستانی سفارتخانہ نے کہا کہ جن ہندوستانی شہریوں نے اپنا رجسٹریشن کروایا ہے انھیں کل (جمعرات، 12 اکتوبر) کی اسپیشل فلائٹ کے لیے ای میل کر دیا گیا ہے۔ بعد کی پروازوں کے لیے دیگر رجسٹرڈ لوگوں کو پیغام بھیجا جائے گا۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ممبئی میں اسرائیل کے قونصلیٹ جنرل کوبی شوشانی کے حوالے سے کہا کہ اسرائیل میں 20 ہزار سے زیادہ ہندوستانی مقیم ہیں۔ گویا کہ ہزاروں کی تعداد میں ہندوستانی وطن واپسی کا ارادہ رکھتے ہوں گے۔

اس درمیان وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے سوشل میڈیا ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں بتایا ہے کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ہندوستانی باشندوں کی مدد کے لیے ایمرجنسی نمبرات جاری کیے گئے ہیں۔ ایمرجنسی نمبرات کے علاوہ ای میل (Situnationroom@mea.gov.in) پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔