ہندوستانی بحریہ نے سمندری لٹیروں سے 19 پاکستانیوں کو بچایا، 24 گھنٹے میں دوسرا کامیاب آپریشن
بحریہ افسران کے مطابق ’’بحریہ مشن کے تحت کوچی سے تقریباً 850 ناٹیکل میل مغرب کی جانب جنوبی بحر عرب میں تعینات ہندوستانی بحریہ جنگی جہاز کے فوری اور مسلسل کوشش سے مغویہ جہاز کو بچایا گیا۔‘‘
نئی دہلی: ہندوستانی بحریہ نے صومالیائی سمندری لٹیروں کے ذریعے اغوا کیے گئے ماہی گیری کے جہاز ’النعیمی‘ کو ان کے چنگل سے بازیاب کرا لیا ہے۔ بحریہ کے افسران کے مطابق مرین کمانڈو نے آپریشن چلا کر 19 پاکستانی شہریوں سمیت اس جہاز کے عملہ کو بھی محفوظ بچا لیا ہے۔
بحریہ کے افسران کے ذریعے دی گئی اطلاع کے مطابق ’’بحریہ مشن کے تحت کوچی سے تقریباً 850 ناٹیکل میل مغرب کی جانب جنوبی بحر عرب میں تعینات ہندوستانی بحریہ جنگی جہاز کے فوری اور مسلسل کوشش سے مغویہ جہاز کو بچایا گیا۔‘‘ افسران نے مزید بتایا کہ ’’اس آپریشن کے ذریعے تجارتی جہازوں پر قزاقی کے خدشے کے پیشِ نظر ماہی گیری کے جہازوں کے غلط استعمال کو بھی روکا گیا ہے۔‘‘
حکام کا کہنا ہے کہ ’’ہندوستانی بحریہ میں شامل جنگی جہاز ’لاس‘ نے صومالیہ کے مشرقی ساحل پر بحری قزاقی کے خلاف ایک اور کامیاب آپریشن کیا، جس میں ماہی گیری کے جہاز النعیمی اور اس کے عملے کے ساتھ 19 پاکستانی شہریوں کو 11 صومالیائی قزاقوں سے بچایا ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل ایرانی تجارتی جہاز ایم وی ایمان کو بھی ہندوستانی بحریہ نے گزشتہ روز لٹیروں کے چنگل سے چھڑایا تھا۔ ایم وی ایمان کو بچانے کے بعد آئی این ایس سمترا کو مزید ایک ایرانی پرچم والے ایف وی کا پتہ لگانے اور اغوا کا عمل روکنے کے کام میں لگایا گیا تھا۔ اس جہاز پر بحری ڈاکو سوار تھے اور اس کے عملے کو یرغمال بنا لیا تھا۔ حکام نے اطلاع دی کہ سمترا نے ایف وی کو روکا اور اپنی بہترین حکمت عملی و کشتیوں کی مضبوط اقدامی پوزیشن کے ذریعے قزاقوں کو مجبور کیا کہ وہ عملے اور جہاز کو بہ حفاظت چھوڑ دیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ’’گزشتہ 24 گھنٹے میں ہندوستانی بحریہ کا یہ دوسرا کامیاب بحری قزاقی مخالف مشن تھا۔‘‘ ہندوستانی دفاعی افسران کے مطابق ’’ہندوستانی بحریہ کے جنگی جہاز سمندری حدود میں تحفظ فراہم کرنے کے لیے بحر ہند کے چاروں جانب تعینات ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔