حسینہ عالم 2024: ہندوستان میں 28 سال بعد حسینۂ عالم کا ہونے والا ہے فنالے، آج 7.30 بجے دیکھیں براہ راست نشریہ
آج شام حسینۂ عالم کا فنالے ممبئی واقع جیو ورلڈ کنونشن سنٹر میں منعقد ہوگا، اس دوران پولینڈ سے تعلق رکھنے والی گزشتہ حسینۂ عالم کیرولینا بلاوسکا بھی موجود ہوں گی جو نئی فاتح کو تاج پہنائیں گی۔
مس ورلڈ یعنی حسینۂ عالم کا فنالے آج ہندوستان میں ہونے والا ہے۔ اس لمحہ کا انتظار پوری دنیا کو تھا اور خاص طور سے ہندوستان میں تو سبھی فنالے کا براہ راست نشریہ دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔ بالی ووڈ کی دو مشہور اداکارہ ایشوریہ رائے بچن اور پرینکا چوپڑا بھی حسینۂ عالم منتخب ہو چکی ہیں، اور یہ دو شخصیتیں ایسی ہیں جن کے انتخاب کے بعد ہندوستان میں حسینۂ عالم مقابلہ کو لے کر ہمیشہ زبردست جوش و خروش دیکھنے کو ملتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حسینۂ عالم 2024 کا انعقاد ہندوستان میں 28 سال بعد ہو رہا ہے۔ اس سے قبل 1996 میں ایسا موقع آیا تھا۔ آج حسینۂ عالم کا فنالے ہندوستان کے ممبئی واقع جیو ورلڈ کنونشن سنٹر میں ہوگا۔ اس دوران پولینڈ سے تعلق رکھنے والی گزشتہ حسینۂ عالم کیرولینا بیلاسکا بھی موجود ہوں گی جو نئی حسینۂ عالم کے سر پر تاج پہنائیں گی۔ یہ مقابلہ آج شام 7.30 بجے شروع ہوگا جس کا براہ راست نشریہ لوگ گھر بیٹھے دیکھ سکتے ہیں۔
آپ حسینۂ عالم 2024 کا فنالے دیکھنے کے لیے آفیشیل ویب سائٹ www.missworld.com پر جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر آپ کسی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر اس مقابلے کا لطف لینا چاہتے ہیں تو آپ اسے شام 7.30 بجے سے ’سونی لیو‘ پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اس مقابلے کے لیے جج پینل میں الگ الگ شعبوں سے تعلق رکھنے والی ہندوستانی شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔ ان شخصیات میں ہربھجن سنگھ، ساجد ناڈیاڈوالا، امرتا فڑنویس کے علاوہ پوجا ہیگڑے، کیرتی سینن اور مس ورلڈ آرگنائزیشن کی سی ای او جولیا مورلے بھی شامل ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس عظیم الشان مقابلے کی میزبانی بالی ووڈ کی مشہور ہستی کرن جوہر کرتے ہوئے دکھائی دیں گے۔ فلم ہدایت کار و اداکار کرن جوہر ہندوستان میں کئی بڑے شوز کی میزبانی کر چکے ہیں۔ اب وہ اس بین الاقوامی مقابلے کی میزبانی کرتے دکھائی دیں گے۔ حسینۂ عالم کے فنالے میں کئی ہندوستانی ستارے پرفارم کرتے ہوئے بھی دکھائی دیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹونی ککڑ، نیہا ککڑ اور شان جیسے گلوکار کا جلوہ دیکھنے کو ملے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔