کانگریس رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کو فرانس کا اعلیٰ ترین شہری ایوارڈ دینے کا اعلان
ششی تھرور نے کہا ہے کہ ’’جو فرانس کے ساتھ ہمارے رشتوں کو بہتر بناتا ہے، زبان سے محبت کرتا ہے اور ثقافت کی تعریف کرتا ہے، میں اس طرح سے پہچانے جانے پر خوشی کا احساس کر رہا ہوں۔‘‘
کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کو فرانس کے اعلیٰ ترین شہری ایوارڈ ’شیویلیر ڈے لا لیزن ڈی‘ سے سرفراز کیا گیا ہے۔ پارٹی کے کئی لیڈران نے انھیں اس باوقار اعزاز کے لیے مبارکباد پیش کی ہے۔ ان لیڈروں میں ٹی ایس سنہدیو، پردیوت بوردولوئی، محمد جاوید اور پروین چکرورتی وغیرہ شامل ہیں۔ فرانسیسی حکومت ششی تھرور کو ان کی تحریروں اور تقریروں کے لیے یہ اعزاز بخشنے جا رہی ہے۔ دہلی میں فرانسیسی سفیر امینوئل لینن نے تھرور کو خط لکھ کر اس ایوارڈ کے بارے میں جانکاری دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس خط کے جواب میں ششی تھرور نے کہا ہے کہ ’’جو فرانس کے ساتھ ہمارے رشتوں کو بہتر بناتا ہے، زبان سے محبت کرتا ہے اور ثقافت کی تعریف کرتا ہے، میں اس طرح سے پہچانے جانے پر خوشی کا احساس کر رہا ہوں۔ ان لوگوں کے لیے تئیں میں شکرگزار ہوں جنھوں نے مجھے یہ اعزاز دینے لائق سمجھا۔‘‘
فرانس کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز دیے جانے کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد کانگریس کی کیرالہ یونٹ اور ریاست کی یوتھ کانگریس یونٹ نے بھی ترووننت پورم سے رکن پارلیمنٹ تھرور کو مبارکباد پیش کی ہے۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے اس تعلق سے کہا کہ ’’مجھے یہ سن کر بے انتہا خوشی ہوئی کہ تھرور کو ان کی غیر معمولی دانشوری اور علم کے لیے فرانس کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازا جا رہا ہے۔‘‘ ٹوئٹر پر اس مبارکباد کا جواب دیتے ہوئے تھرور نے لکھا ’’بہت بہت شکریہ ادھیر رنجن چودھری، عزت افزائی کا ہمیشہ استقبال ہے، اور آپ کی تعریف اسے مزید گرانقدر بناتی ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔