کیا واقعی نتیش کمار نائب صدر بننا چاہتے تھے؟ نتیش نے خود دیا اس سوال کا جواب

نئی حکومت کی تشکیل کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ ساتھ نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے بھی بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

نتیش کمار، تصویر یو این آئی
نتیش کمار، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

بی جے پی لیڈر اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی کے الزام پر اب وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جوابی حملہ کیا ہے۔ دراصل سشیل کمار مودی نے گزشتہ روز کہا تھا کہ نتیش کمار نے این ڈی اے سے اتحاد اس لیے توڑ دیا کیونکہ وہ ملک کے نائب صدر بننا چاہتے تھے اور ان کی خواہش پوری نہیں کی گئی۔ اس پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بغیر سشیل کمار مودی کا نام لیے کہا کہ ’’آپ نے ایک آدمی کو یہ کہتے سنا کہ میں نائب صدر بننا چاہتا تھا۔ یہ بالکل مذاق اور فرضی بات ہے۔ میری ایسی کوئی خواہش نہیں تھی۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’کیا وہ بھول گئے کہ ہم نے انھیں صدر اور نائب صدر کے انتخابات میں کتنی حمایت دی؟ وہ اس لیے میرے خلاف بول رہے ہیں تاکہ انھیں پھر سے جگہ مل سکے۔‘‘

اس دوران میڈیا اہلکاروں نے نتیش کمار سے سوال پوچھا کہ کیا پی ایف آئی کی جانچ کی وجہ سے آپ نے بی جے پی سے اتحاد ختم کر لیا؟ اس پر وزیر اعلیٰ نے جواب دیتے ہوئے کہا ’’یہ سب بکواس باتیں ہیں۔ ایک جانچ کی وجہ سے کوئی اتحاد ٹوٹتا ہے کیا؟ اتحاد ٹوٹنے کے پیچھے اور بھی کئی وجوہات ہیں جو کہ ہم آپ لوگوں کو بتا چکے ہیں۔‘‘


نئی حکومت کی تشکیل کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ ساتھ نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے بھی بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ تیجسوی یادو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’پورے ملک نے دیکھا کہ جھارکھنڈ، مہاراشٹر میں کیا ہوا؟ ہم عوام کے لیے فکر مند ہیں، کام کرنا چاہتے ہیں۔ کام کو لے کر سیاست ہونی چاہیے۔ جو ڈٹے رہتے ہیں، یہ (بی جے پی) ان کے پیچھے سی بی آئی، آئی ٹی، ای ڈی کو لگا دیتے ہیں، جو بکتا ہے ان کے لیے رقم طے کر دیتے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔