راہل گاندھی کے دفتر پر حملہ کے خلاف یوتھ کانگریس کا احتجاجی مظاہرہ
انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر سرینواس بی وی نے کہا کہ ایس ایف آئی کے غنڈے راہل گاندھی کے دفتر پر حملہ کر سکتے ہیں لیکن ان کے خیالات کے ستون کو نہیں ہلا سکتے۔
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے وائناڈ واقع دفتر پر حملہ کے خلاف انڈین یوتھ کانگریس کے کارکنان نے ہفتہ کو راجدھانی میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کانگریس نے واضح کر دیا ہے کہ ایس ایف آئی کے ’غنڈوں‘ کی جانب سے کئے گئے حملہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
یوتھ کانگریس کے کارکنان نے ہاتھوں میں بینر پوسٹر لے کر اپنا احتجاج درج کرایا۔ کارکنان نے حملہ آوروں پر جلد اور سخت کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس احتجاج کے پیش نظر دہلی میں واقع سی پی آئی (ایم) کے دفتر کے باہر حفاظتی انتظامات سخت کئے گئے ہیں۔
انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر سرینواس بی وی نے کہا کہ ایس ایف آئی کے غنڈے راہل گاندھی کے دفتر پر حملہ کر سکتے ہیں لیکن ان کے خیالات کے ستون کو نہیں ہلا سکتے۔ اگر کوئی شخص ہے جو تاناشاہی کے خلاف لڑتا ہے تو اس کا نام راہل گاندھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیرالہ میں صورت حال ہنگامہ خیز ہے اور دائیں بازو کی سیاست کی انتہا پسندی کھلے عام نظر آ رہی ہے۔ ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر کیرالہ کے وزیر اعلیٰ اس غنڈہ گردی کو فروغ کیوں دے رہے ہیں؟
دریں اثنا، مظاہرہ کرنے والے کانگریس کارکنان نے راہل گاندھی کے وائناڈ دفتر پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کیرالہ میں نظم و نسق کی صورت حال پوری طرح سے تباہ ہو چکی ہے۔ ریاست کی حکومت بی جے پی سے کسی بھی طرح سے علیحدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھوٹالوں اور بدعنوانی کے الزامات پر جواب دینے کے بجائے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین تشدد کو ہوا دے رہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔