برج بھوشن کے بیٹے کو قیصر گنج لوک سبھا سیٹ سے ٹکٹ ملنے پر خاتون پہلوانوں کا اظہار ناراضگی، مشکل میں بی جے پی
اولمپک میڈل فاتح پہلوان ساکشی ملک اور سنگیتا پھوگاٹ کے علاوہ بجرنگ پونیا نے بھی برج بھوشن کے بیٹے کرن بھوشن کو قیصر گنج سیٹ سے ٹکٹ دیے جانے پر سوال کھڑا کیا ہے۔
بی جے پی نے خاتون پہلوانوں کے ساتھ مبینہ جنسی استحصال کے ملزم برج بھوشن شرن سنگھ کا ٹکٹ قیصر گنج سے ضرور کاٹ دیا، لیکن ان کی جگہ برج بھوشن کے بیٹے کرن بھوشن کو ٹکٹ دے کر اپنے لیے پھر سے مشکلیں کھڑی کر لی ہے۔ خاتون پہلوانوں نے برج بھوشن کے بیٹے کو ٹکٹ دیے جانے پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی کے اس فیصلے پر سوال کھڑا کر دیا ہے۔
اولمپک فاتح خاتون پہلوان ساکشی مہاراج اور سنگیتا پھوگاٹ کے ساتھ ساتھ بجرنگ پونیا نے بھی قیصر گنج سے کرن بھوشن کو ٹکٹ دیے جانے کے بعد بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سنگیتا پھوگاٹ نے اس معاملے میں اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ سب دیکھ کر خاتون پہلوان کیا سوچ رہی ہوں گی۔‘‘ بجرنگ پونیا نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ ’’یہ ملک کے لیے بدقسمتی ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ 2 مئی کو بی جے پی نے لوک سبھا انتخاب کے لیے امیدواروں کی ایک نئی فہرست جاری کی۔ اس فہرست میں اتر پردیش کی قیصر گنج لوک سبھا سیٹ سے موجودہ رکن پارلیمنٹ برج بھوشن کی جگہ ان کے بیٹے کرن بھوشن کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ کرن بھوشن یوپی ریسلنگ فیڈریشن کے صدر ہیں اور پہلی بار لوک سبھا انتخاب لڑنے جا رہے ہیں۔ وہ برج بھوشن سنگھ کے چھوٹے بیٹے ہیں۔
بی جے پی کی اس فہرست کو دیکھنے کے بعد خاتون پہلوان سنگیتا پھوگاٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’خاموش ہوں۔ بس اس خبر کو دیکھے جا رہی ہوں۔ برج بھوشن کے بیٹے کو ٹکٹ دینے کی خبر پڑھ کر ملک کی خاتون کھلاڑی کیا سوچ رہی ہوں گی۔ ملک کی وہ خواتین کیا سوچ رہی ہوں گی جنھوں نے یہ سب (جنسی استحصال) برداشت کیا ہے۔ خواتین کے لیے ملک نہیں۔‘‘
خاتون پہلوان ساکشی ملک نے قیصر گنج سیٹ سے بی جے پی امیدوار کا نام سامنے آنے کے بعد اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ’ایکس‘ پر لکھتی ہیں ’’ملک کی بیٹیاں ہار گئیں، برج بھوشن جیت گیا۔‘‘ انھوں نے کہا کہ برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری تو دور کی بات ہے، ان کے بیٹے کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ بی جے پی نے آج ان کے بیٹے کو ٹکٹ دے کر ملک کی کروڑوں بیٹیوں کے حوصلے کو توڑ دیا۔ ساکشی ملک اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں موجودہ حکومت پر سوال کرتے ہوئے لکھتی ہیں ’’ٹکٹ جائے گی تو ایک ہی کنبہ میں، کیا ملک کی حکومت ایک آدمی کے سامنے اتنی کمزور ہوتی ہے؟‘‘
پہلوان بجرنگ پونیا نے بھی اس معاملے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ہی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’بی جے پی اپنے آپ کو دنیا کی سب سے بڑی پارٹی مانتی ہے، لیکن اپنے لاکھوں کارکنان میں سے برج بھوشن کے بیٹے کو ٹکٹ دیا، وہ بھی جب پرجول ریونّا کے معاملے پر بی جے پی تنقید کا سامنا کر رہی ہے۔‘‘ بجرنگ یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’یہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ تمغہ جیتنے والی بیٹیاں سڑکوں پر گھسیٹی جائیں گی اور ان کا جنسی استحصال کرنے والے کے بیٹے کو ٹکٹ دے کر اعزاز بخشا جائے گا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔