لوک سبھا انتخاب: بی جے پی نے قیصر گنج سے برج بھوشن کے بیٹے کرن بھوشن اور رائے بریلی سے دنیش پرتاپ کو دیا ٹکٹ
قیصر گنج لوک سبھا سیٹ سے موجودہ رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کا ٹکٹ ضرور کٹ گیا ہے، لیکن ان کے بیٹے کرن بھوشن سنگھ کو امیدوار بنا کر بی جے پی نے درمیان کا ایک راستہ نکال لیا ہے۔
لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر جاری سیاسی سرگرمیوں کے درمیان بی جے پی نے آج اتر پردیش کی دو انتہائی اہم لوک سبھا سیٹوں کے لیے اپنے امیدوار کا اعلان کر دیا ہے۔ قیصر گنج سیٹ سے موجودہ رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے بیٹے کرن بھوشن سنگھ کو امیدوار بنایا گیا ہے، جبکہ رائے بریلی سیٹ سے دنیش سنگھ کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔
قیصر گنج لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار کے اعلان پر سبھی کی نظریں اس لیے جمی ہوئی تھیں، کیونکہ برج بھوشن سنگھ پر کئی خاتون کھلاڑیوں نے جنسی استحصال کا الزام عائد کیا ہے جس کی تحقیقات جاری ہے۔ اپوزیشن پارٹیاں لگاتار بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر برج بھوشن و دیگر ایسے لیڈران کو تحفظ فراہم کرنے کا الزام لگاتی رہی ہیں جو خواتین پر مظالم کے قصوروار رہے ہیں۔ بی جے پی نے برج بھوشن کے خلاف ناراضگی کو دیکھتے ہوئے درمیان کا راستہ نکال کر کرن بھوشن کو ٹکٹ ضرور دے دیا ہے، لیکن اقربا پروری کو لے کر مخالفین کو نشانہ بنانے والی بی جے پی اب کٹہرے میں بھی کھڑی ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں برج بھوشن سنگھ نے بی جے پی کو اشاروں اشاروں میں کہا تھا کہ اگر پارٹی انھیں ٹکٹ نہیں دیتی ہے تو وہ دیگر متبادل کی طرف دیکھ سکتے ہیں۔ قیصر گنج سیٹ سے دوبارہ میدان میں اتارنے کے فیصلے میں تاخیر کے لیے انھوں نے میڈیا کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ برج بھوشن قیصر گنج سیٹ سے تین بار رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں، اور اب ان کے بیٹے کرن بھوشن نے اسی سیٹ سے انتخابی سیاست میں انٹری لے لی ہے۔ کرن بھوشن اس وقت اتر پردیش ریسلنگ فیڈریشن کے صدر بھی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔