’سرمائی اجلاس فوری طلب کیا جائے، کسانوں کا مسئلہ انتہائی اہم‘ اوم برلا کے نام ادھیر رنجن کا خط

ادھیر رنجن نے لوک سبھا اسپیکر کو خط لکھ کر کہا ہے کہ اس وقت ملک میں سراپا احتجاج بنے ہوئے کسانوں کا مسئلہ انتہائی اہم ہے۔ اس کے علاوہ دیگر اہم مسائل پر بھی ایوان میں فوری بحث کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ادھیر رنجن چودھری / تصویر آئی اے این ایس
ادھیر رنجن چودھری / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: لوک سبھا میں کانگریس کے قائد اور مغربی بنگال کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے فوری طور پر سرمائی اجلاس طلب کرنے کی اپیل کی ہے۔ ادھیر رنجن نے لوک سبھا اسپیکر کو خط لکھ کر کہا ہے کہ اس وقت ملک میں سراپا احتجاج بنے ہوئے کسانوں کا مسئلہ انتہائی اہم ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کووڈ-19 ویکسین کی تیاری، اقتصادی کساد بازاری اور بے روزگاری جیسے دیگر اہم مسائل پر بھی ایوان میں فوری بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔

اسپیکر اوم برلا کو جمعرات کے روز بھیجے گئے خط میں ادھیر رنجن چودھری نے لکھا، ’’محترم جناب، میں آپ کی توجہ مرکوز کرانا چاہتا ہوں کہ اس وقت ملک متعدد اہم اور حساس مسائل سے دو چار ہے۔ ان میں کسان تحریک، کووڈ- 19 کی تیاری، اقتصادی کساد بازاری اور ہند و پاک سرحد پر مستقبل جنگ بندی کی خلاف ورزی قابل ذکر ہیں۔ ان اہم مسائل پر پارلیمنٹ میں جامع اور شفاف بحث ناگزیر ہے۔‘‘


چودھری نے لکھا، مندرجہ بالا تمام اہم مسائل پر بحث اور مذاکرات کے لئے ایک مختصر سا سرمائی اجلاس کووڈ- 19 کی تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے طلب کیا جا سکتا ہے۔ اس سے ملک کو موجدہ درپیش مسائل کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ ملک فی الحال ان مسائل سے جدوجہد کر رہا ہے لہذا اس پر فوراً سے پیشتر توجہ دی جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔