کیا یوپی میں مدارس کی جمعہ کے روز تعطیل ختم کر دی جائے گی! مدرسہ بورڈ کے اجلاس میں قرارداد پیش
مدرسہ بورڈ کے اجلاس میں تمام مدارس کی ہفتہ وار تعطیل کو تبدیل کرنے کا بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مدارس میں یونیفارم پہننے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
لکھنؤ: اتر پردیش مدرسہ بورڈ نے مدارس میں جمعہ کے بجائے اتوار کو چھٹی کرنے کی قرارداد پیش کی ہے۔ اس بارے میں حتمی فیصلہ جنوری میں ہونے والی بورڈ میٹنگ میں کیا جائے گا۔ اتر پردیش مدرسہ تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر افتخار احمد جاوید نے بدھ کے روز میڈیا کو بتایا کہ ’اتر پردیش غیر سرکاری عربی اور فارسی تسلیم انتظامیہ اور سروس ریگولیشن-2016‘ میں ضروری ترامیم اور تبدیلیوں کے سلسلے میں منگل کو ایک اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔ جس میں بورڈ ممبران اور بڑی تعداد میں مدارس کے نمائندوں نے شرکت کی۔
جاوید کے مطابق اجلاس میں مدارس میں ہفتہ وار تعطیل جمعہ کے بجائے اتوار کو کرنے کی قرارداد پیش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا مطالبہ کافی عرصے سے مدارس سے وابستہ لوگوں کی جانب سے بھی کیا جا رہا تھا۔ تاہم کئی مدارس کے نمائندوں نے اجلاس میں اس قرارداد کی مخالفت بھی کی۔ جاوید نے کہا، ’’قرارداد پر بات ہوئی ہے۔ تاہم ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ اس بارے میں حتمی فیصلہ جنوری میں ہونے والی بورڈ میٹنگ میں کیا جائے گا۔‘‘
واضح رہے کہ نہ صرف اتر پردیش میں بلکہ ملک بھر کے تمام مدارس میں ہفتہ وار تعطیل جمعہ کے روز ہوتی ہے۔ جمعہ کی تعطیل ختم کرنے کی خبر پر مسلمانوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ اس حوالہ سے ٹیچرس ایسوسی ایشن مدارس عربیہ، اتر پردیش کے جنرل سکریٹری دیوان صاحب زماں نے کہا، ’’نماز جمعہ کے لیے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں، اسی لیے مدارس میں ہمیشہ جمعہ کو ہی چھٹی دی جاتی ہے۔ اگر اس نظام کو تبدیل کیا گیا تو اس کا غلط پیغام جائے گا۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ منگل کو منعقدہ مدرسہ بورڈ کی میٹنگ میں صرف چند لوگوں نے جمعہ کے بجائے اتوار کو ہفتہ وار تعطیل کا اہتمام کرنے کی وکالت کی اور باقی سب نے اس کی مخالفت کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔