دھند نے روکی ’یوپی روڈویز‘ بسوں کی رفتار، رات 12 بجے کے بعد نہیں ہوں گی روانہ

محکمہ ٹرانسپورٹ نے یہ فیصلہ دھند کی وجہ سے پیش آ رہے حادثات کے پیش نظر لیا ہے۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دھند کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے

یوپی روڈویز / تصویر بشکریہ upsrtc.up.gov.in
یوپی روڈویز / تصویر بشکریہ upsrtc.up.gov.in
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: سردی کے زور میں اضافہ کے ساتھ ہی دھند نے اتر پردیش سمیت مکمل شمالی ہندوستان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اترپردیش میں رات گئے دھند بہت بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیوں کا چلنا مشکل ہو گیا ہے اور حادثے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ ایسے حالات میں یوپی کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے رات 12 بجے کے بعد ٹرانسپورٹ بسیں نہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کی بسون کو رات کی شفٹ میں نہ چلانے کا فیصلہ عارضی طور پر لیا گیا ہے اور موسم سازگار ہونے کے بعد اس پر نظر ثانی کی جائے گی۔ خیال رہے کہ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دھند کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔


غورطلب ہے کہ اتر پردیش میں سردی کی لہر بڑھ رہی ہے اور ریاست کے بیشتر حصوں میں صبح اور رات میں شدید دھند چھائی رہتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مزید دو روز تک سردی سے راحت ملنے کا کوئی امکان نہیں۔ لکھنؤ کے زونل میٹرولوجیکل سنٹر کے انچارج محمد دانش نے کہا کہ ریاست کے بیشتر شمال مشرقی اور جنوبی علاقوں میں صبح اور شام کے وقت شدید دھند چھائی رہتی ہے۔ نمی میں اضافہ کی وجہ سے ریاست کے بیشتر علاقوں میں سردی کا اثر بھی بڑھ گیا ہے۔

محمد دانش نے مزید بتایا کہ دو دن کے بعد اس نمی سے کچھ راحت ملنے کا امکان ہے تاہم اس کے بعد سردی ایک بار پھر بڑھ سکتی ہے۔ اس وقت ریاست کے کئی مقامات پر دو دن تک شدید دھند چھائے رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اگلے 24 گھنٹوں میں راجدھانی لکھنؤ اور اس سے متصل علاقوں میں دن کا درجہ حرارت 19 ڈگری اور رات کا درجہ حرارت 9 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔