راہل گاندھی بنیں گے کانگریس کے دوبارہ صدر؟ سی ڈبلیو سی کی میٹنگ میں کہا- کروں گا غور
راہل گاندھی نے کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں کہا کہ اگر پارٹی ان پر دوبارہ صدر کا عہدہ سنبھالنے کے لیے دباؤ ڈالتی ہے تو وہ ذمہ داری لینے پر غور کر سکتے ہیں۔
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ہفتہ کو پارٹی کے اعلیٰ فورم کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں کہا کہ اگر پارٹی ان پر دوبارہ صدر کا عہدہ سنبھالنے کے لیے دباؤ ڈالتی ہے تو وہ ذمہ داری لینے پر غور کر سکتے ہیں۔ پارٹی ذرائع نے یہ معلومات دی۔ ذرائع کے مطابق راہل گاندھی نے سینئر کانگریس لیڈر اور راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت کے کانگریس ورکنگ کمیٹی میں انہیں دوبارہ صدر بنانے کی تجویز پر ارکان کی خاموشی کے درمیان کہا، ’’پارٹی کے لیڈران نے مجھ پر دباؤ بنایا تو میں صدر کاعہدہ سنبھالنے پرغورکرسکتا ہوں۔
ذرائع کے مطابق کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کو دوبارہ پارٹی کی کمان سونپنے کی اشوک گہلوت کی تجویز پر میٹنگ میں ’کمیٹی کے کسی رکن نے کچھ نہیں بولا۔ اس ذرائع نے کہا کہ اس تجویز پر ورکنگ کمیٹی کے ارکان کی ’خاموشی‘ کو ان کی منظوری کے طور پر دیکھا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ پچھلے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی شکست کی ذمہ داری لیتے ہوئے راہل گاندھی نے صدر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کے استعفیٰ کے بعد سونیا گاندھی نے قائم مقام صدر کاعہدہ سنبھالا تھا۔ پارٹی کے کچھ رہنما تنظیمی انتخابات جلد کرانے کا مطالبہ بار بار اٹھا رہے تھے۔ ایسی صورتحال میں ایک طویل وقفے کے بعد منعقدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی آج کی میٹنگ میں کانگریس صدر سونیا گاندھی نے پارٹی میں کل وقتی صدر کے لئے تنظیمی انتخابات کرانے کا مطالبہ کر رہے لیڈران کو منھ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے 2019 میں انہیں جو ذمہ داری دی ہے، اس میں وہ سب کو ساتھ لے کر چلی ہیں اور پارٹی کی مضبوطی کے لئے انہوں نے اس ذمہ داری کو بخوبی نبھایا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 16 Oct 2021, 9:11 PM