لاک ڈاؤن 5.0 کی تیاری، وزیر داخلہ امت شاہ نے وزرائے اعلیٰ کی رائے سے پی ایم مودی کو کیا مطلع
گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے پہلے ہی میڈیا کے سامنے یہ بیان دے دیا ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ سے فون پر بات چیت کے دوران انھوں نے مزید 15 دنوں کے لیے لاک ڈاؤن بڑھانے کی گزارش کی ہے۔
ہندوستان میں نافذ لاک ڈاؤن 4.0 کی مدت 31 مئی کو ختم ہو رہی ہے۔ ایسے میں سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ کیا 31 مئی کے آگے لاک ڈاؤن بڑھے گا؟ کیا ملک میں یکم جون سے لاک ڈاؤن 5.0 نافذ ہوگا؟ ملک میں آگے لاک ڈاؤن بڑھایا جائے گا یا نہیں؟ اگر بڑھایا جائے گا تو کن علاقوں کو چھوٹ دی جائے گی؟ ان سبھی سوالوں کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے درمیان آج ایک اہم میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ سے قبل امت شاہ نے جمعرات کو سبھی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ بات چیت کی تھی۔ ان سے لاک ڈاؤن کے سلسلے میں مشورے طلب کیے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ امت شاہ نے پی ایم مودی کو اس میٹنگ میں سبھی وزرائے اعلیٰ کی رائے سے واقف کرایا۔
یہ بھی پڑھیں : ’قرنطینہ میں ہمارے ساتھ اچھوتوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے‘
اس درمیان کئی ریاستوں کے وزیر اعلیٰ نے امت شاہ سے لاک ڈاؤن کے سلسلے میں ہوئی بات چیت کی جانکاری دی۔ گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملے کے پیش نظر لاک ڈاؤن مزید 15 دنوں کے لیے بڑھایا جائے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ”میری وزیر داخلہ امت شاہ سے فون پر بات ہوئی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ لاک ڈاؤن جس حالت میں ہے، اسے آگے 15 جون تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ گوا میں ریسٹورینٹس، جِم، ہوٹل شروع ہونے چاہئیں۔ ابھی کووڈ-19 کا گراف بڑھ رہا ہے، لاک ڈاؤن مزید 15 دن بڑھنا ہی چاہیے۔“
چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ دفتر نے بھی اس سلسلے میں ایک بیان جاری کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ "وزیر داخلہ نے لاک ڈاؤن پر وزرائے اعلیٰ سے مشورے طلب کیے تھے، جس میں چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے دہرایا کہ ریاست کی سرحدیں نہیں کھولنی چاہئیں، ٹرین/پرواز خدمات پر وزرائے اعلیٰ کے نظریات پر غور کرنے اور معاشی پیکیج میں ریاستوں کے لیے قرض لینے کی حالت کو آسان کرنے کی گزارش کی ہے۔"
لاک ڈاؤن 5.0 کو لے کر دہلی حکومت کیا چاہتی ہے، اس سلسلے میں بھی جانکاری سامنے آئی ہے۔ دہلی حکومت کے وزیر صحت ستیندر جین نے بتایا کہ دہلی حکومت ابھی ایسی جگہوں کو بند رکھنا چاہتی ہے جہاں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوتے ہیں، مثلاً سنیما ہال۔ اس کے ساتھ ہی اسکول اور کالج بھی ابھی نہیں کھولے جانے چاہئیں۔ ستیندر جین نے بتایا کہ امت شاہ کو دہلی حکومت کی طرف سے ضروری مشورے دے دیئے گئے ہیں۔
خبروں کے مطابق ہریانہ حکومت بھی 31 مئی کے بعد لاک ڈاؤن 5.0 لگائے جانے کے حق میں ہے۔ ہریانہ حکومت نے کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے سونی پت، گروگرام اور فرید آباد میں دہلی سرحد کو سیل بھی کر دیا ہے اور سختی کا حکم صادر کر دیا ہے۔ بہر حال، لاک ڈاؤن کے تعلق سے مرکزی حکومت کیا فیصلہ لے گی، یہ دو دنوں کے اندر پتہ چل جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 'من کی بات' پروگرام یعنی 31 مئی کو پی ایم مودی اگلے لاک ڈاؤن کا اعلان کر سکتے ہیں۔ خبروں کے مطابق لاک ڈاؤن 5.0 میں کئی ریاستوں کو مزید کچھ چھوٹ دی جا سکتی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ مارچ سے بند جِم کو کھولنے کی بھی اجازت مل سکتی ہے۔ وہیں ریڈ زون میں اب بھی سیلون، بیوٹی پارلر بند ہیں، اس میں سے سیلون کو کھولنے کی اجازت مل سکتی ہے۔ کچھ ریاستیں مذہبی مقامات کو کھولنے کا مطالبہ کر رہی ہیں، اس پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے تو پی ایم مودی کو خط لکھ کر یکم جون سے مذہبی مقامات کو کھولنے کی اجازت طلب کی تھی۔ اتر پردیش میں بھی مذہبی مقامات کو کھولے جانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 May 2020, 8:30 PM