حزب المجاہدین کا ملی ٹنٹ ہے آئی ای ڈی سے لدی گاڑی کا مالک: جموں و کشمیر پولیس

پولیس ذرائع کے مطابق سینٹرو کار، جس میں آئی ای ڈی بم رکھا گیا تھا، کا مالک ہدایت اللہ ملک نامی حزب المجادین سے وابستہ ایک سرگرم ملی ٹںٹ ہے جو ضلع شوپیاں کے شارت پورہ علاقے کا رہنے والا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر پولیس نے، جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے راجپورہ علاقے میں جمعرات کو جس گاڑی سے ایک آئی ای ڈی بم برآمد کرکے اس کو ناکارہ بنایا تھا، اس گاڑی کے مالک کی شناخت کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حزب المجاہدین نامی ملی ٹنٹ تنظیم کا ایک سرگرم ملی ٹنٹ ہے۔ بتادیں کہ پولیس نے جمعرات کو پلوامہ کے آئین گنڈ راجپورہ علاقے میں ایک سینٹرو گاڑی جس میں زائد از 40 کلو وزنی آئی ای ڈی بم نصب تھا، کو ناکارہ بنایا تھا۔ پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ ملی ٹنٹ اس گاڑی سے پلوامہ کے لیتہ پورہ میں سال گزشتہ کے فروری میں ہوئے دھماکہ جیسا خود کش دھماکہ کرنا چاہتے تھے۔

ایک مقامی خبر رساں ایجنسی نے ایک اعلیٰ پولیس افسر کے حوالے سے کہا ہے کہ سینٹرو کار جس میں آئی ای ڈی بم رکھا گیا تھا کا مالک ہدایت اللہ ملک نامی حزب المجادین سے وابستہ ایک سرگرم ملی ٹنٹ ہے جو ضلع شوپیاں کے شارت پورہ علاقے کا رہنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہدایت اللہ ملک نے سال گزشتہ کے ماہ جولائی میں ملی ٹنٹوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی ہے۔


کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں کے سوال کہ 'کیا ملی ٹنٹ اس گاڑی کے ذریعے فروری 2019 جیسا خودکش دھماکہ کرنا چاہتے تھے'، کے جواب میں کہا کہ 'بالکل۔ اس گاڑی کے ذریعے کسی سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو ہی نشانہ بنایا جاتا'۔


گزشتہ سال 14 فروری کو ضلع پلوامہ کے لیتہ پورہ علاقے میں وادی میں وقوع پذیر ہونے والا اپنی نوعیت کا سب سے بڑا خود کش حملہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں نہ صرف سی آر پی ایف کے زائد از 40 اہلکار از جان ہوئے تھے بلکہ ہندوستان اور پاکستان جنگ کی دہلیز تک پہنچ گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔