گجرات بندرگاہ پر منشیات پکڑے جانے پر مودی-شاہ خاموش کیوں؟ کانگریس
کانگریس ترجمان سپریہ سرینیت نے کہا کہ ہر روز بڑی تعداد میں منشیات پکڑی جا رہی ہے، لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ اس معاملے میں خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ گجرات کی بندرگاہوں پر منشیات کی کھیپ کا روزانہ پتہ چلنا تشویش کی بات ہے اور حکومت کو منشیات کی طرف نوجوانوں کو دھکیلنے کے کاروبار کو روکنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں اور اس مسئلہ پر سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینا چاہیے۔
کانگریس کی ترجمان سپریہ سرینیت نے ہفتہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ گجرات میں دو دن پہلے ہیروئن کی ایک بڑی مقدار پکڑی گئی تھی اور یہاں کی بندرگاہ ہیروئن کو ملک میں داخل کرنے کا بڑا مرکز بن رہی ہیں۔ ہر روز بڑی تعداد میں منشیات پکڑی جا رہی ہیں، لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ اس معاملے میں خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ہزاروں کروڑ کی ہیروئن آتی ہے۔ گجرات میں دو روز قبل 5 کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔ سوال یہ ہے کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سردار پٹیل کی سرزمین پر ڈرگ مافیا اتنا بڑھ کیوں رہا ہے اور گجرات میں ہی منشیات مسلسل کیوں پکڑی جا رہی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ چند روز قبل وہاں سے کروڑوں روپے کی منشیات پکڑی جاتی ہے اور سینکڑوں کلو منشیات ملک میں آرہی ہیں۔ سال 2021 میں اڈانی اور موندرا بندرگاہ سے 3000 کروڑ کی ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔ ایسی بہت سی مثالیں ہیں جب بڑی مقدار میں منشیات پکڑی گئی ہیں اور ایسے واقعات تواتر سے ہو رہے ہیں۔ حکومت بتائے کہ وہ اس بحران سے نمٹنے کے لیے کس قسم کے اقدامات کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔