پونچھ دہشت گردانہ حملہ پر مرکز خاموش کیوں؟ وزیر اعظم، وزیر داخلہ، وزیر خارجہ، وزیر دفاع کسی نے ایک لفظ نہیں بولا: کھیڑا

پون کھیڑا نے کہا کہ پونچھ دہشت گردانہ حملے کے سات دن گزشت چکے ہیں لیکن مرکزی حکومت اس معاملے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے، وزیر اعظم، وزیر داخلہ، وزیر خارجہ اور وزیر دفاع نے ایک لفظ نہیں بولا۔

<div class="paragraphs"><p>پون کھیڑا، تصویر @INCIndia</p></div>

پون کھیڑا، تصویر @INCIndia

user

قومی آواز بیورو

پونچھ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کو لے کر کانگریس نے پی ایم مودی اور مرکز کی بی جے پی قیادت والی حکومت پر آج شدید حملہ کیا۔ پارٹی ترجمان پون کھیڑا نے جمعرات کو دہلی میں پریس کانفرنس پر پوچھا کہ پونچھ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے پر مودی حکومت خاموش کیوں ہے؟ انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر واقع پونچھ میں 20 اپریل کو دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا جس میں ہندوستانی فوج کے پانچ جوان شہید ہو گئے تھے۔ اس واقعہ کے 7 دن گزر چکے ہیں لیکن مرکزی حکومت اس ایشو پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ وزیر اعظم، وزیر داخلہ، وزیر خارجہ اور وزیر دفاع نے ایک لفظ نہیں بولا۔ یہ خاموشی بتاتی ہے کہ حکومت کی ترجیحات کیا ہیں؟ لگام مودی حکومت میں دہشت گردانہ حملوں پر نہیں، بلکہ دہشت گردانہ حملوں پر ہونے والی بحث پر لگی ہے۔

کھیڑا نے کہا کہ پونچھ دہشت گردانہ حملوں میں جو گولیاں استعمال ہوئیں وہ اسٹیل کی بنی ہوئی تھیں۔ اسے ناٹو نے استعمال کیا تھا۔ 2021 میں امریکہ کے افغانستان چھوڑنے کے بعد یہ گولیاں لشکر-جیش جیسی دہشت گرد تنظیموں کے پاس پہنچی ہیں۔ کھیڑا نے کہا کہ ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ طالبان ریونیو بڑھانے کے لیے اسلحوں کو فروخت کر رہا ہے۔ ایسا دیکھا جا رہا ہے کہ ان اسلحوں کا استعمال دہشت گرد ہمارے خلاف کر رہے ہیں۔ ایسے میں ہمیں اپنی افغانستان پالیسی کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے۔


کانگریس ترجمان نے سوال کیا کہ پونچھ دہشت گردانہ حملے پر آخر مودی حکومت نے خاموشی کیوں اختیار کر رکھی ہے؟ انھوں نے کہا کہ ملک میں بڑا واقعہ ہو جاتا ہے، لیکن پی ایم مودی کپڑے بدل بدل کر تقاریب میں شامل ہو کر بھدے مذاق کرنے میں لگے رہتے ہیں۔ سی آر پی ایف کیمپ، فضائیہ کیمپ، فوجی کیمپ پر لگاتار گزشتہ 8 سال میں پلوامہ، پمپور، اُری، پٹھان کوٹ، گرداس پور، امرناتھ یاترا، سنجوان فوجی کیمپ جیسے حملوں میں ہم نے سینکڑوں جانیں گنوائی ہیں۔ لیکن پی ایم مودی خاموش ہیں۔ انھوں نے الزام لگایا کہ پونچھ میں شہید ہوئے فوجی جوانوں کی آخری رسومات میں کوئی وزیر شامل نہیں ہوا، پھر سوال کیا کہ کیا ایسا اس لیے دیکھنے کو ملا کیونکہ ابھی لوک سبھا انتخاب نہیں ہے؟

پون کھیڑا نے مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے ہماری قومی سیکورٹی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ گزشتہ 9 سالوں میں جموں و کشمیر میں 1249 دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں جس میں 350 شہری مارے گئے اور 569 جوان شہید ہوئے۔ لیکن مودی حکومت کو اپنی سیاست چمکانے سے فرصت نہیں مل رہی ہے۔


واضح رہے کہ گزشتہ 20 اپریل کو پونچھ کے بھاٹا دھورین واقع جنگلی علاقے میں فوجی ٹرک پر حملہ کیا گیا تھا۔ حملہ میں 5 جوان شہید ہوئے تھے۔ ٹرک میں روزہ و افطار کے لیے کھانے کا سامان رکھا ہوا تھا۔ ملٹری ٹرک پر دہشت گردانہ حملے کی جانچ این ایس جی اور این آئی اے کی ٹیم کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔