اکتوبر میں ہول سیل افراط زر پانچ ماہ کی بلند ترین سطح 12.54 فیصد پر
اکتوبر 2021 میں کھانے پینے کی اشیاء کی ہول سیل قیمتوں میں سالانہ 3.06 فیصد اضافہ ہوا، جب کہ ایک ماہ قبل اس زمرے میں سالانہ 1.14 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
نئی دہلی: ایندھن اور تیار شدہ اشیاء کی افراط زر کی وجہ سے ہول سیل (تھوک) قیمت اشاریہ پر مبنی افراط زر اکتوبر 2021 میں بڑھ کر 12.54 فیصد پر پہنچ گئی۔ اس سے پچھلے مہینے میں تھوک افراط زر 10.66 فیصد اور اکتوبر 2020 میں 1.3 فیصد تھی۔
صنعت اور اندرونی تجارت کے فروغ کے محکمہ (ڈی پی آئی آئی ٹی) کے پیر اقتصادی مشیر دفتر کے جاری کردہ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق، اس سال اکتوبر میں ایندھن اور بجلی کے شعبے میں قیمتوں کی سطح گزشتہ سال کے مقابلے میں 37.18 فیصد زیادہ رہی، جبکہ اس سال ستمبر میں اس زمرے کا افراط زر 24.81 فیصد تھی۔ اسی طرح مینوفیکچرڈ اشیا کے زمرے میں تھوک افراط زر 12.04 فیصد رہی۔ ایک ماہ قبل اشیاء کے اس زمرے کی عمومی تھوک قیمت کی سطح سالانہ بنیاد پر 11.41 فیصد پر زیادہ تھی۔
اکتوبر 2021 میں کھانے پینے کی اشیاء کی ہول سیل قیمتوں میں سالانہ 3.06 فیصد اضافہ ہوا جب کہ ایک ماہ قبل اس زمرے میں سالانہ 1.14 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ عالمی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور اجناس کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ اہم مصنوعات اور مینوفیکچرنگ میں استعمال ہونے والے پرزہ جات، جیسے کمپیوٹر چپس، کی سپلائی چین میں رکاوٹ نے ہندوستان سمیت عالمی سطح پر مینوفیکچرنگ کی سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مہاراشٹر: تشدد کی آگ پر سیاست کی روٹی... اعظم شہاب
جمعہ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں خوردہ افراط زر کی شرح خوراک کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے معمولی طور پر بڑھ کر 4.48 فیصد تک پہنچ گئی۔ کنزیومر پرائس انڈیکس پر مبنی افراط زر ستمبر میں 4.35 فیصد اور اکتوبر 2020 میں 7.61 فیصد رہی۔ دفتر برائے قومی شماریات کے مطابق، غذائی اشیاء کے زمرے میں خوردہ افراط زر اکتوبر میں بڑھ کر 0.85 فیصد ہو گئی جو پچھلے مہینے میں 0.68 فیصد تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔