’پرجول ریونّا کا سفارتی پاسپورٹ رَد کرنے سے کون روک رہا؟‘ جئے رام رمیش نے مودی حکومت کو پھر کٹہرے میں کھڑا کیا

جئے رام رمیش نے مرکزی حکومت سے سوال کیا ہے کہ پرجول ریونّا کو کس طرح اور کیوں نیرو مودی یا وجئے مالیا کی طرح ملک چھوڑ کر بھاگنے دیا گیا؟

<div class="paragraphs"><p>کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش</p></div>

کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش

user

قومی آوازبیورو

کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے آج ایک بار پھر پرجول ریونّا معاملے میں مرکز کی مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کیا۔ انھوں نے بی جے پی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے سوال کیا کہ جے ڈی ایس کے معطل رکن پارلیمنٹ پرجول ریونّا کا سفارتی پاسپورٹ رد کرنے سے اسے کون روک رہا ہے؟

قابل ذکر ہے کہ جنسی استحصال معاملے میں کرناٹک ریاستی خاتون کمیشن کی چیف ناگ لکشمی چودھری نے ریاستی حکومت کو اس معاملے کی جانچ کے لیے ایک خط لکھا تھا۔ لوک سبھا انتخاب کے درمیان سوشل میڈیا پر ہاسن سے رکن پارلیمنٹ ریونّا کی فحش ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سے ہی کرناٹک کی سیاست میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔ ہاسن لوک سبھا سیٹ پر ووٹنگ کے دوسرے ہی دن پرجول ریونّا کے جرمنی فرار ہونے کی خبریں سامنے آ گئیں، اور اس معاملے میں کانگریس لگاتار مرکزی حکومت پر حملہ آور ہے۔


جئے رام رمیش نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’پرجول ریونّا کا سفارتی پاسپورٹ رد کرنے کے لیے وزیر اعظم کو کون روک رہا ہے؟ کیسے اور کیوں اسے نیرو مودی اور وجئے مالیا کی طرح ملک چھوڑ کر بھاگنے دیا گیا؟‘‘

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا کے پوتے پرجول ریونّا پر جنسی استحصال کا الزام لگا ہے اور ان کے خلاف اب تک کئی معاملے درج کیے گئے ہیں۔ 10 مئی کو بھی ان کے خلاف ایک معاملہ درج کیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق پرجول ریونّا کے اوپر اب خواتین کے مبینہ جنسی استحصال سے متعلق کیسز کی تعداد بڑھ کر 3 ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔