آسام میں مسافر ٹرین بے پٹری ہوئی تو کانگریس نے وزیر ریل سے کہا ’فوٹو کھینچیے، ریل بنائیے اور لائک-شیئر کا انتظار کیجیے‘
کانگریس نے لگاتار ہو رہے ٹرین حادثات کے لیے مرکزی وزیر ریل پر طنزیہ انداز میں حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’لوگ ڈرے ہوئے ہیں اور پریشان ہیں، لیکن آپ کو کیا، آپ کے لیے تو یہ بھی ’چھوٹی گھٹنا‘ ہے۔‘‘
جمعرات (17 اکتوبر) کے روز آسام میں اگرتلا-لوک مانیہ تلک ٹرمینل ایکسپریس کے تقریباً 8 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ اس حادثہ میں کسی ہلاکت کی خبر تو نہیں ہے، لیکن لگاتار ہو رہے اس طرح کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کانگریس نے تو اس معاملے میں مرکزی وزیر ریل اشونی ویشنو پر ان کے ایک پرانے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں حملہ کیا ہے۔ یہ حملہ کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک پوسٹ کے ذریعہ کیا ہے۔
کانگریس نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’محترم وزیر ریل (Reel)... آسام میں اگرتلا-لوک مانیہ تلک ٹرمنس ایکسپریس کے کئی ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ لوگ ڈرے ہوئے ہیں اور پریشان ہیں، لیکن آپ کو کیا... آپ کے لیے تو یہ بھی ’چھوٹی گھٹنا‘ (چھوٹا واقعہ) ہوگی۔ فوٹو کھینچیے، ریل بنائیے اور لائک-شیئر کا انتظار کیجیے۔‘‘
کانگریس نے ایک مختصر ویڈیو بھی ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی ہے جس کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ ’’مودی حکومت کے 131 دن، 58 ریل حادثات، 21 اموات، 131 لوگ زخمی۔ لیکن کوئی جوابدہی نہیں۔‘‘ اس ویڈیو میں آسام میں پیش آئے ریل حادثہ کی تصویریں دکھائی گئی ہیں اور بیک گراؤنڈ میں جو آواز آ رہی ہے اس میں بتایا گیا ہے کہ ’’مودی حکومت میں ریل حادثات تھمنے کا نام نہیں لے رہے۔ اب آسام میں اگرتلا-لوک مانیہ تلک ٹرمنس ٹرین کے کئی ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ لوگ ڈرے ہوئے ہیں اور پریشان ہیں۔ لیکن جہاں Reel وزیر کے لیے یہ چھوٹے واقعات ہیں وہیں نریندر مودی عوام کو پہلے ہی اپنے حال پر رونے کے لیے چھوڑ چکے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ آسام کے دیما ہساؤ ضلع میں جمعرات کی شام لمڈنگ ڈویژن کے ڈیبالونگ اسٹیشن کے پاس اگرتلا-ممبئی ایکسپریس ٹرین کے 8 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ غنیمت یہ رہی کہ کوئی ہلاک نہیں ہوا، لیکن اس میں کچھ لوگ معمولی طور پر زخمی ضرور ہوئے ہیں۔ ایک شخص کو مقامی اسپتال میں داخل بھی کرایا گیا ہے۔
این ایف ریلوے کے افسران کا کہنا ہے کہ دیما ہساؤ ضلع میں ٹرین حادثہ ہوا ہے۔ ممبئی جانے والی اگرتلا-لوک مانیہ تلک ٹرمنس ایکسپریس جمعرات کی صبح اگرتلا سے روانہ ہوئی تھی۔ جیسے ہی ٹرین تقریباً 4 بجے لمڈنگ-بردارپور ہل سیکشن کے ڈیبالونگ ریلوے اسٹیشن کے پاس پہنچی، اچانک انجن سمیت 8 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ این ایف ریلوے کے چیف پبلک رلیشن افسر کشور شرما نے بتایا کہ ٹرین کے پٹری سے اترنے کی جانکاری ملنے کے بعد بچاؤ اور راحت رسانی کام تیزی سے شروع ہو گیا۔ اس کے ساتھ ہی لمڈنگ-بردارپور سنگل لائن سیکشن پر ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ اس حادثہ کے بعد کئی ٹرینوں کو رد کر دیا گیا ہے جن میں گواہاٹی-نیو جلپائی گوڑی اسپیشل ٹرین، رنگیا-سلچر-رنگیا ایکسپریس، نیو جلپائی گوڑی-گواہاٹی اسپیشل ٹرین اور سلچر-گواہاٹی-سلچر ایکسپریس شامل ہیں۔ ریلوے افسران کا کہنا ہے کہ اس حادثہ کے بعد جمعرات کے ساتھ ساتھ جمعہ کو بھی منی پور، جنوبی آسام، تریپورہ اور میزورم کے درمیان ٹرین خدمات متاثر رہیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔