تمل ناڈو میں خوفناک ٹرین حادثہ، پسنجر ٹرین اور مال گاڑی کی ٹکر کے بعد لگی آگ، 2 درجن افراد زخمی
جمعہ کی شب باگمتی ایکسپریس جب بہار کی طرف جا رہی تھی تو اس کی ٹکر مال گاڑی سے ہو گئی، ٹکر اتنی زوردار تھی کہ ٹرین کے ڈبوں نے آگ پکڑ لی، کئی مسافر زخمی ہوئے ہیں جنھیں قریبی اسپتال لے جایا گیا ہے۔
تمل ناڈو میں جمعہ کی شب اس وقت خوفناک ٹرین حادثہ پیش آیا جب بہار کی طرف جا رہی باگمتی ایکسپریس کی ٹکر مال گاڑی سے ہو گئی۔ اس تصادم کے بعد 6 ڈبے پٹری سے اتر گئے اور شدید ٹکر کے سبب اس میں آگ بھی لگ گئی۔ حادثہ میں کم از کم 2 درجن افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع مل رہی ہے، جنھیں فوری طور پر قریبی اسپتال میں بغرض علاج داخل کرایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ٹرین میسور سے پیرمبور ہوتے ہوئے بہار کے دربھنگہ جا رہی تھی۔ اسی دوران ٹرین کی تیرووَلور کے پاس کوارپّیٹّئی ریلوے اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے ہو گئی۔ یہ تصادم جمعہ کی شب تقریباً 8.30 بجے پیش آیا۔ اس کی خبر ملتے ہی ریلوے افسران جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ جائے حادثہ پر ایمبولنس اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھی پہنچ گئی ہیں۔
اس حادثہ کی کئی تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں، جن میں پٹری سے اترے اور ایک طرف جھکے ہوئے ڈبے صاف دیکھے جا سکتے ہیں۔ کچھ تصویروں اور ویڈیوز میں آگ کا منظر بھی دکھائی دے رہا ہے۔ اس حادثہ میں فی الحال کسی ہلاکت کی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔ زخمیوں کے فوری علاج کا انتظام کیا گیا ہے۔ حادثہ کی خبر ملتے ہی میڈیکل ریلیف وین اور ریسکیو ٹیم کو چنئی سنٹرل سے روانہ کیا گیا۔ جنوبی ریلوے کے جی ایم اور دیگر سینئر افسران بھی جائے حادثہ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ اس درمیان مسافروں اور ان کے اہل خانہ کے لیے ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ لوگ 04425354151 یا 04424354995 پر فون کر کے حادثہ سے متعلق جانکاری لے سکتے ہیں۔ ریلوے افسران نے فوری طور پر حادثہ کی جانچ بھی شروع کر دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔