مشکل میں مغربی بنگال کے گورنر سی وی آنند بوس، اب ایک رقاصہ نے لگایا سنگین الزام
بار میں رقص کرنے والی ایک خاتون نے الزام لگایا ہے کہ مغربی بنگال کے گورنر اسے دہلی لے گئے اور وہاں ہوٹل میں اس کے ساتھ بدسلوکی سے پیش آئے۔
مغربی بنگال کے گورنر سی وی آنند بوس کے لیے مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ ابھی ایک خاتون کے ذریعہ ان پر لگائے گئے چھیڑ چھاڑ کا الزام سرخیوں میں ہے ہی، اور اب ایک بار ڈانسر یعنی رقاصہ نے گورنر پر بدسلوکی کا سنگین الزام عائد کر دیا ہے۔ رقاصہ نے پولیس میں جو شکایت درج کرائی ہے، اس کے مطابق کچھ ماہ قبل وہ ایک مشہور موسیقار کے ذریعہ کولکاتا کے راج بھون گئی تھی۔ اس کے بعد ان کی گورنر سے بات چیت شروع ہو گئی۔ رقاصہ نے گورنر کے سامنے اپنے مسائل رکھے اور پھر انھوں نے اس کا مسئلہ حل کرنے کے لیے ایک افسر سے ملوانے کا وعدہ کیا۔
رقاصہ کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ گورنر اسے دہلی لے گئے اور ایک ہوٹل میں اس کے ساتھ بدسلوکی سے پیش آئے۔ جانکاری کے مطابق مبینہ متاثرہ نے کچھ ماہ قبل کولکاتا پولیس میں بھی اپنی شکایت درج کرائی تھی، لیکن یہ معاملہ تب سامنے آیا جب کولکاتا پولیس نے جانچ رپورٹ ریاستی سکریٹریٹ کو بھیجی۔ رقاصہ کا اس پورے معاملے میں کہنا ہے کہ دہلی کے ہوٹل میں یہ واقعہ 7-6 ماہ قبل پیش آیا تھا۔ اس کا دعویٰ ہے کہ اس نے فوراً اس کی شکایت کولکاتا پولیس کمشنر سے کی تھی۔
گورنر کے خلاف یہ دوسرا سنگین الزام ہے۔ کچھ ہفتہ قبل ہی راج بھون کی ایک خاتون غیر مستقل ملازمہ نے پولیس شکایت درج کرائی تھی۔ پولیس کو دیے گئے ان کے بیان کے مطابق گورنر نے خاتون کو ملازمت مستقل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ اس معاملہ کے سامنے آنے کے بعد سیاست شروع ہو گئی۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سمیت ترنمول کانگریس لیڈران نے حملہ بولنا شروع کر دیا۔ گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے یہ بھی کہا کہ انھیں راج بھون جانے میں ڈر لگتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔