مغربی بنگال: مہلوک طلبا لیڈر انیس خان کے بھائی پر تیز دھار والے اسلحہ سے قاتلانہ حملہ

مغربی بنگال کے ہوڑہ ضلع میں طلبا لیڈر انیس خان کی حیرت انگیز موت پر تنازعہ کے درمیان ان کے چچازاد بھائی سلمان (جو اپنے بھائی کی موت سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کر رہے تھے) پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

مغربی بنگال کے ہوڑہ ضلع میں طلبا لیڈر انیس خان کی حیرت انگیز موت پر تنازعہ کے درمیان ان کے چچازاد بھائی سلمان (جو اپنے بھائی کی موت سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کر رہے تھے) پر کچھ بدمعاشوں نے قاتلانہ حملہ کر دیا۔ اس حملہ میں وہ سنگین طور پر زخمی ہو گئے جس کے بعد انھیں فوری طور پر بگنان گرامین اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ سنگین حالت کو دیکھتے ہوئے بعد میں سلمان کو الوبیریا سب ڈویژنل اسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔

سلمان کی بیوی حسین آرا خاتون نے بتایا کہ جمعہ کی دیر شب جب وہ رفع حاجت کے لیے باہر گئے تو اچانک پیچھے سے ان پر حملہ کر دیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میرے شوہر کے سر پر تیز دھار والے اسلحہ سے حملہ کیا گیا اور وہ خون سے شرابور ہو کر زمین پر گر گئے۔ اس کے بعد بدمعاش فرار ہو گئے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ان کے شوہر کو اکثر مقامی بدمعاشوں کے ذریعہ برسراقتدار ترنمول کانگریس سے جڑے ہونے کی دھمکی دی جاتی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ ’’انھوں نے سی بی آئی جانچ کا مطالبہ نہیں روکنے پر میرے شوہر کو سنگین نتیجہ بھگتنے کی دھمکی دی تھی۔‘‘


اس معاملے میں انیس خان کے والد سلیم خان نے کہا کہ مقامی ترنمول کانگریس لیڈر ہنسو خان اور ان کے ساتھی سلمان کو دھمکی دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے مقامی پولیس کو اس دھمکی کے بارے میں کئی بار مطلع کیا، حالانکہ پولیس نے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔‘‘

واضح رہے کہ انیس خان 19 فروری 2022 کو کولکاتا کے ہوڑہ سے ملحق امتا واقع اپنی رہائش پر پراسرار حالت میں مردہ پائے گئے تھے۔ ان کے کنبہ کا الزام ہے کہ وردی میں پولیس اہلکاروں نے ان کا قتل کیا ہے۔ ریاستی پولیس نے سی آئی ڈی کے ڈائریکٹر جنرل گیانونت سنگھ کی قیادت میں ایس آئی ٹی تشکیل دے کر جانچ شروع کی، لیکن انیس کے چچازاد بھائی لگاتار سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔