مغربی بنگال ضمنی انتخاب: چاروں اسمبلی سیٹوں پر ترنمول کانگریس کا قبضہ، ممتا نے فاتح امیدواروں کو دی مبارکباد

ممتا بنرجی نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’چاروں فاتح امیدواروں کو دلی مبارکباد۔ یہ جیت عوام کی جیت ہے کیونکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بنگال کس طرح ترقی اور اتحاد کا انتخاب کرے گا۔‘‘

ترنمول کانگریس، تصویر یو این آئی
ترنمول کانگریس، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کولکاتا: مغربی بنگال میں برسراقتدار ترنمول کانگریس نے منگل کو دنہاٹا، گوسابہ، کھردہ اور شانتی پور اسمبلی سیٹوں کے ضمنی انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی میں تمام چار سیٹوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے تمام فاتح امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس نتیجے سے معلوم ہوتا ہے کہ بنگال ہمیشہ ’پروپیگنڈہ اور نفرت کی سیاست‘ پر ترقی اور اتحاد کا انتخاب کرے گا۔

ممتا بنرجی نے ٹوئیٹ کیا، کہ ’میری تمام چاروں فاتح امیدواروں کو دلی مبارکباد۔ یہ جیت عوام کی جیت ہے کیونکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بنگال کس طرح ہمیشہ پروپیگنڈے اور نفرت کی سیاست کے بجائے ترقی اور اتحاد کا انتخاب کرے گا‘۔ انہوں نے دہرایا،’عوام کے ’آشیرواد‘ سے، ہم بنگال کو مزید بلندیوں پر لے جانے کا وعدہ کرتے ہیں‘۔


ترنمول کانگریس کے امیدوار ادین گوہا نے ضلع کوچ بہار کے دنہاٹا انتخابی حلقے میں 30 اکتوبر کو ہوئے ضمنی الیکشن میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار اشوک منڈل کو 1,64,088 ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ ادین گوہا گزشتہ اسمبلی انتخابات میں اسی حلقہ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر نشیتھ پرمانک سے ہار گئے تھے۔ برج کشور گوسوامی، شوبھنا دیو چٹوپادھیائے اور سبرت منڈل نے شانتی پور، کھردہ اور گوسابہ اسمبلی حلقوں سے بالترتیب 60892 ووٹ، 93832 ووٹ اور 143000 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔

برسراقتدار پارٹی نے دنہاٹا اور شانتی پور کی دو سیٹیں بی جے پی سے چھین لی ہیں۔ دنہاٹا اور شانتی پور سیٹیں بی جے پی کے اراکین اسمبلی نشیتھ پرمانک اور جگن ناتھ سرکار کے بالترتیب ریاستی اسمبلی سے استعفیٰ دینے اور لوک سبھا کی رکنیت برقرار رکھنے کے فیصلے سے خالی ہوئی تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔