مرکزی وزیر مملکت کی ویب سائٹ ہیک، پاکستانی ہیکروں نے 'آزاد کشمیر' کا کیا مطالبہ!
جی. کشن ریڈی کی ویب سائٹ پر قابل اعتراض پوسٹ نظر آنے کے بعد اور ویب سائٹ ہیکنگ سے متعلق جانکاری برآمد ہونے پر اسے فی الحال بند کر دیا گیا ہے۔
مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ جی. کشن ریڈی کی نجی ویب سائٹ پر ہیکروں نے قبضہ کر لیا ہے۔ ریڈی کی ویب سائٹ http://kishanreddy.com/ کو ہیک کرنے والے ہیکرس پاکستانی بتائے جا رہے ہیں اور انھوں نے اس ویب سائٹ پر آزاد کشمیر سے متعلق کچھ پوسٹ ڈال دیے ہیں۔ ہندی نیوز پورٹل 'نیوز 18' پر اس سلسلے میں ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہیکرس نے حکومت ہند کو دھمکی بھی دی ہے۔
ویب سائٹ ہیک کیے جانے سے متعلق تصدیق منگل کے روز جی. کشن ریڈی کے دفتر نے کر دی ہے۔ ویب سائٹ پر قابل اعتراض پوسٹ نظر آنے کے بعد ویب سائٹ ہیکنگ سے متعلق جانکاری ہونے پر اسے فی الحال بند کر دیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس ویب سائٹ کو ہیک کرنے کا مقصد لوگوں تک غلط جانکاری پہنچانا تھا، حالانکہ اس ہیکنگ میں کسی طرح کے ڈاٹا چوری کی کوئی خبر ابھی نہیں ملی ہے۔
واضح رہے کہ ویب سائٹ ہیک کرنے کا یہ کوئی نیا معاملہ نہیں ہے۔ گزشتہ 15 اگست کو ہی پاکستانی ویب سائٹ ہیک کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ اس دن پاکستان کی فاطمہ جناح خاتون یونیورسٹی سمیت کچھ دوسری سائٹس پر ہندوستان کا ترنگا لہراتا ہوا نظر آیا تھا۔ کچھ ویب سائٹس پر بھگوان رام کی تصویر کے ساتھ رام مندر تعمیر کی بات بھی لکھی گئی تھی۔
میڈیا ذرائع میں شائع ہوئی خبروں کے مطابق peterco.com.pk کو ہیک کر کے اس کے ہوم پیج پر ہیکرس کا نام 'انڈین سائبر ٹروپ' بتایا گیا تھا۔ پیج کے سب سے اوپر ترنگے کے ساتھ 'ستیہ میو جیتے' لکھا تھا۔ اس کے نیچے ہندوستان کا ترنگا جھنڈا لے کر دوڑتے بچوں کی تصویر تھی اور پھر 'یوم آزادی مبارک' تحریر کیا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 25 Aug 2020, 10:56 PM