ہم جھوٹے وعدے نہیں کرتے، جو کہتے ہیں وہ کر تے ہیں: راہل گاندھی

حزب اختلاف کے بیشتر سینئر رہنماؤں کے سدا رمیا کی حلف برداری تقریب میں شرکت نے برسر اقتدار بی جے پی کی نیند اڑائی دی۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، ویڈیو گریب</p></div>

راہل گاندھی، ویڈیو گریب

user

سید خرم رضا

کرناٹک میں حلف برداری کی تقریب میں جہاں حزب اختلاف کے بیشتر دگج رہنماؤں کی موجودگی نے بر سر اقتدار بی جے پی کی نیند اڑا دی، وہیں کانگریس کے ورکروں میں زبردست جوش پیدا کر دیا۔ کرناٹک کے وزیر اعلی سدارمیا نے حلف لینے کے بعد عوام کا شکریہ ادا کیا اور اس جیت کا دولہا کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیو کمار و نئے نائب وزیر اعلی کرناٹک نے اپنی موجودگی درج کرائی۔

اس تقریب میں این سی پی کے سربراہ شرد پوار، بہار کے وزیر اعلی اور جنتا دل یونائٹڈ کے سربراہ نیتش کمار، راشٹریہ جنتا دل کے تیجسوی یادو، نیشنل کانفرنس کے فاروق عبداللہ، پی ڈی پی کی محبوبہ مفتی، سی پی آئی کے ڈی راجا، تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن، جھارکنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین، جینت چودھری، پرینکا چترویدی، دیپانکر بھتاچاریہ اور کانگریس کے وزراء اعلی اشوک گہلوت، بھوپیش بگھیل، سکھوندر سکھو، اور سینئر رہنما ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، کمل ناتھ، سشیل کمارشنڈے، نارائن سوامی، سدا رمیا اور ڈی کے شیو کمار وغیرہ شامل ہوئے۔


کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چند گھنٹوں میں کانگریس نے جن گارنٹیوں کا وعدہ کیا تھا وہ قانونی شکل اختیار کر لیں گے۔ انہوں نے کہا ’’کانگریس جھوٹے وعدے نہیں کرتی، چند گھنٹوں میں یہ وعدے قانون بن جائیں گے اور ہم جو کہتے ہیں وہ کرتےہیں۔‘ُ‘ انہوں نے کرناٹک کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس کی اس جیت کی بس ایک وجہ تھی کہ کانگریس غریبوں کے ساتھ کھڑی دکھائی دی اور ہماری طاقت غریب عوام اور سچائی تھی۔‘‘

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے پاس پولیس، پیسہ اور طاقت تھی لیکن کانگریس کے پاس عوام کی محبت تھی۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے عوام نے ’’نفرت کے بازار میں لاکھوں محبت کی دوکانیں کھول دی ہیں۔‘‘ راہل گاندھی نے کہا کہ عوام نے جو بی جے پی کے اقتدار میں پریشانیاں اٹھائی ہیں وہ اب نہیں اٹھائیں گے کیونکہ کانگریس بدعنوانی سے پاک صاف ستھری حکومت کرناٹک میں دے گی۔


ریاست کے گورنر نے پہلے وزیر ایلی سدا رمیا کو حلف دلایا، ان کے بعد نائب وزیر اعلی ڈی کے شیو کمار کو حلف دلایا، اس کے بعد کانگریس کے سینئر رہنما ڈاکٹر جی پرمیشور، کے ایچ منی یپا، کے جے جارج، ایم بی پاٹل، ستیش جھارکی ہولی، پرینک کھڑگے، رام لنگا ریڈی اور ضمیر احمد کو حلف دلایا۔ ضمیر احمد کے علاوہ سب نے کنڑ زبان میں حلف لیا جبکہ ضمیر احمد نے انگریزی میں حلف لیا اور یہ حلف انہوں نے اللہ کے نام پر لیا۔ ویسے جب ضمیر احمد حلف لینے کے لئے آئے تو عوام میں سب سے زیادہ جوش نظر آ یا۔ تمام وزراء کو گورنر، وزیر اعلی اور نائب وزیر اعلی نے گلدستے پیش کئے۔

عوام سے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور وزیر اعلی سدا رمیا نے خطاب کیا لیکن انہوں نے کنڑ زبان میں خطاب کیا۔ موجود حزب اختلاف کے رہنماؤں میں زبردست جوش نظر آیا اور ان کی آنکھوں میں 2024 کو لے کر ایک امید صاف نظر آئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔