’ہم اپنی ایک انچ زمین نہیں چھوڑ سکتے‘ راج ناتھ سے ملاقات کے بعد چین کا بیان
چینی حکومت نے بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ لداخ میں کشیدگی بڑھانے کے لئے مبینہ طور پر ہندوستان ذمہ دار ہے۔ نیز، بیان میں دھمکی آمیز لہجے میں کہا ہے کہ چین اپنی ایک انچ زمین بھی نہیں چھوڑ سکتا!
نئی دہلی: ہندوستان اور چین کے مابین جاری سرحدی تنازعہ کے درمیان روسی شہر ماسکو میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور چینی وزیر دفاع وین فینگی کی ملاقات کے بعد چین کی طرف سے بیان جاری کیا گیا ہے۔ چینی حکومت نے بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ لداخ میں کشیدگی بڑھانے کے لئے مبینہ طور پر ہندوستان ذمہ دار ہے۔ نیز، بیان میں دھمکی آمیز لہجے میں کہا ہے کہ چین اپنی ایک انچ زمین بھی نہیں چھوڑ سکتا!
بیان کے مطابق، وینگ فینگی نے کہا کہ سرحدی تنازعہ کی وجہ سے ہندوستان چین تعلقات شدید متاثر ہوئے ہیں اور ایسی صورتحال میں یہ ضروری تھا کہ دونوں ممالک کے دفاعی سربراہ آمنے سامنے بیٹھیں اور کھل کر بات کریں۔
چین کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چین - ہندوستان سرحد پر موجودہ کشیدگی کی وجہ اور سچائی پوری طرح واضح ہے اور اس کی ذمہ داری صرف اور صرف ہندوستان پر عائد ہوتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چین اپنی ایک انچ زمین بھی نہیں چھوڑ سکتا اور چین کی مسلح افواج اپنی قومی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لئے پوری طرح پرعزم، اہل اور پراعتماد ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان اہم معاہدہ طے پایا تھا، دونوں فریقوں کو اسے ایمانداری سے نافذ کرنا چاہیے۔ چین نے کہا کہ سرحدی تنازعہ کو بات چیت اور مشاورت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا جانا چاہیے۔
خبر رساں ایجنسی بھاشا نے سرکاری ذرائع کے حوالہ سے بتایا ہے کہ ہندوستان اور چین کے مابین سرحدی تنازعہ پر دونوں ممالک کے وزرائے دفاع نے جمعہ کے روز دو گھنٹے سے زیادہ ملاقات کی۔ جس میں مشرقی لداخ میں سرحد پر کشیدگی کو کم کرنے پر توجہ دی گئی۔ مشرقی لداخ میں مئی میں ہونے والی سرحدی کشیدگی کے بعد دونوں فریقین کا یہ پہلا اعلی سطحی رو برو اجلاس تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔