عدالتی احکامات کے باوجود بھی وحید الرحمان کو حلف اٹھانے کی اجازت نہیں دی گئی: محبوبہ مفتی

پی ڈپی یوتھ لیڈر وحید الرحمان پرہ کو این آئی اے نے ڈی ڈی سی انتخابات میں کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد گرفتار کیا تھا، تاہم انہوں نے انتخابات میں ضلع پلوامہ کی ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ہے۔

محبوبہ مفتی، تصویر یو این آئی
محبوبہ مفتی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا الزام ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود بھی پی ڈپی لیڈر کے محبوس لیڈر وحید الرحمان پرہ کو ڈی ڈی سی ممبر کی حیثیت سے حلف لینے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف توہین عدالت ہی نہیں بلکہ جموں وکشمیر انتظامیہ کے متکبر ہونے کا بین ثبوت ہے۔

موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز اپنے ایک ٹوئٹ میں کیا۔ ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا، ’’عدالت کی طرف سے حکمنامے کے باوجود بھی وحید الرحمان پرہ کو ڈی ڈی سی ممبر کی حیثیت سے حلف اٹھانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جموں وکشمیر انتظامیہ کس قدر متکبر اور بد اندیش ہے۔ یہ توہین عدالت بھی ہے لیکن وہ اس سے بری ہوجائیں گے۔‘‘


بتادیں کہ پی ڈپی یوتھ لیڈر وحید الرحمان پرہ کو قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ڈی ڈی سی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کے پانچ روز بعد 25 نومبر کو گرفتار کیا تھا تاہم انہوں نے ڈی ڈی سی انتخابات میں ضلع پلوامہ کی ایک نشست پرکامیابی حاصل کی تھی۔

پلوامہ کے نائیرو گاؤں سے تعلق رکھنے والے وحید الرحمان پرہ اس وقت جموں کے امپھالہ جیل میں بند ہیں۔ جموں وکشمیر میں پہلی بار منعقد ہونے والے ڈی ڈی سی انتخابات میں کامیاب ہونے والے 280 ممبروں نے پیر کے روز حلف اٹھائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Dec 2020, 3:40 PM