آسام میں پہلے مرحلہ کی ووٹنگ جاری
الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں 11537 پولنگ اسٹیشنوں پر کل 8109815 ووٹرز، جن میں 4077210 مرد اور 4032481 خواتین شامل ہیں، اپنے حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
گوہاٹی: آسام اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 12 اضلاع کی 47 نشستوں کے لئے پولنگ ہفتہ کی صبح 7 بجے شروع ہوگئی۔ ووٹ ڈالنے کے لئے کووڈ ۔19 کے تمام پروٹوکول پر عمل کیا جا رہا ہے۔ سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ ریاست کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ جاری ہے۔ لوگوں میں ووٹنگ کے حوالہ سے خاصہ جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور صبح سے ہی لوگ پولنگ بوتھوں پر جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ریاست میں ووٹنگ کے دوران کہیں سے بھی کسی ناخوشگوار واقعہ کی رپورٹ نہیں ملی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : رشوت معاملے میں سی جی ایس ٹی سپرنٹنڈنٹ سمیت چار گرفتار
الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں 11537 پولنگ اسٹیشنوں پر کل 8109815 ووٹرز، جن میں 4077210 مرد اور 4032481 خواتین شامل ہیں، اپنے حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ آسام اسمبلی انتخابات تین مراحل میں ہوں گے اور پہلے مرحلے کی ووٹنگ آج شروع ہوگئی ۔ دریں اثنا، چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کے دفتر نے بتایا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر پولنگ کو ایک گھنٹہ کے لئے بڑھا دیا گیا ہے۔
ریاست کے کچھ اہم سیاستدانوں کی قسمت کا فیصلہ آج ہی ہوگا جن میں وزیر اعلی سربانند سونووال بھی شامل ہیں، جو ماجولی سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ آسام کانگریس کے ریاستی صدر رپن بوڑہ بھی گوہ پور سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ جیل میں بند سماجی کارکن اور کاشتکاروں کے حقوق کی لڑائی لڑنے والے نو تشکیل ’رائے جور دل‘ کے صدر اکھل گوگوئی شیوساگر سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ آسام اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 37 سے زیادہ ایم ایل اے دوبارہ انتخاب لڑ رہے ہیں۔ 2016 میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی اتحادی اے جی پی نے 35 نشستیں جیتی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔