ڈسٹرکٹ کونسل اور پنچایت سمیتی کے آخری مرحلے کے لئے ووٹنگ کا آغاز
اس مرحلے میں 52 لاکھ 55 ہزار 889 رائے دہندگان 7346 پولنگ اسٹیشنوں پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے۔ اس میں 27 لاکھ 12 ہزار 627 مرد، 25 لاکھ 43 ہزار 244 خواتین اور 18 دیگر ووٹر شامل ہیں۔
جے پور: راجستھان کے 21 اضلاع میں ضلع کونسل اور پنچایت سمیتی ممبروں کے چوتھے اور آخری مرحلے کے لئے ووٹنگ آج صبح 7:30 بجے سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان شروع ہوئی۔ محکمہ الیکشن کے مطابق ان اضلاع کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ صبح 7.30 بجے شروع ہوئی تھی، جو پرامن طور پر جاری ہے۔ پولنگ شروع ہوتے ہی کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں معمولی گڑبڑی کے بارے میں شکایات موصول ہوئیں، جن کا فوری طور پر تصفیہ کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : کسان تحریک: پانچویں دور کی بات چیت آج، کسانوں نے بڑھایا دباؤ
صبح ہوتے ہی جب پولنگ شروع ہوئی تو پولنگ اسٹیشنوں پر رائے دہندگان کی قطاریں لگ گئیں۔ اس دوران شروع میں کہیں سے کوئی ناخوشگوار خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔ پر امن ووٹنگ کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمشنر پی ایس مہرہ نے عالمی وبا کورونا کی ہدایتوں پر عمل کرتے ہوئے تمام رائے دہندگان سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔ ایس مہرہ نے بتایا کہ چوتھے مرحلے میں 21 اضلاع کی 46 پنچایت سمیتیوں کے لئے 908 ممبران اور ان کے متعلقہ ضلع پریشد ممبروں کے لئے ووٹنگ ہو رہی ہے۔ شام 5 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ تمام مراحل کی گنتی 8 دسمبر کو ضلعی ہیڈکوارٹر میں ہوگی۔
الیکشن کمشنر پی ایس مہرہ نے بتایا کہ آخری مرحلے میں تقریباً 18 ہزار ای وی ایم مشینوں کے ذریعہ ووٹنگ کرائی جا رہی ہے۔ اس مرحلے میں 52 لاکھ 55 ہزار 889 رائے دہندگان 7346 پولنگ اسٹیشنوں پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے۔ اس میں 27 لاکھ 12 ہزار 627 مرد، 25 لاکھ 43 ہزار 244 خواتین اور 18 دیگر ووٹر شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 05 Dec 2020, 12:11 PM