تریپورہ اسمبلی میں زوردار ہنگامہ، اراکین اسمبلی کے درمیان دھکا مکی، 5 اپوزیشن اراکین اسمبلی معطل
اسمبلی میں جب بجٹ اجلاس کی شروعات ہوئی تب اپوزیشن لیڈر انمیش دیب برما نے اسمبلی میں بی جے پی لیڈر کے ذریعہ فحش ویڈیو دیکھنے کے مسئلہ کو اٹھایا، اس پر زبردست ہنگامہ شروع ہو گیا۔
تریپورہ اسمبلی میں جمعہ کے روز زبردست ہنگامہ کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ اسمبلی اجلاس کے پہلے ہی دن ایوان میں برسراقتدار بی جے پی اور حزب مخالف ٹپرا موتھا پارٹی کے اراکین اسمبلی میں زوردار بحث ہوئی اور حالات ایسے پیدا ہو گئے کہ دھکا مکی ہونے لگی۔ کئی اراکین اسمبلی ٹیبل پر چڑھ کر ہنگامہ کرنے لگے اور نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ اس ہنگامہ کو دیکھتے ہوئے اسمبلی اسپیکر وشوبندھو سین نے اپوزیشن پارٹیوں کے 5 اراکین اسمبلی کو معطل کر دیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اسمبلی میں جب بجٹ اجلاس کی شروعات ہوئی تب اپوزیشن لیڈر انمیش دیب برما نے ایک سوال کیا جس کے بعد ہنگامہ شروع ہو گیا۔ دراصل اپوزیشن لیڈر نے اسمبلی میں بی جے پی لیڈر کے ذریعہ فحش ویڈیو دیکھنے کے مسئلہ کو اٹھایا تھا۔ اسمبلی اسپیکر نے اس سوال کو مسترد کر دیا اور اہم ایشوز پر بحث کرنے کی بات کہی۔ لیکن اپوزیشن لیڈر اس پر ناراض ہو گئے اور نعرہ بازی شروع کر دی۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ نعرہ بازی ہنگامہ میں تبدیل ہو گئی۔ کچھ اراکین اسمبلی نے ٹیبل پر چڑھ کر احتجاج درج کرانا شروع کر دیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ جن اراکین اسمبلی کو معطل کیا گیا ہے ان میں 3 ٹپرا موتھا پارٹی (برسوکیتو دیب برما، نندیتا ریانگ، رنجیت دیب برما)، 1 کانگریس (سدیپ رائے برمن) اور 1 سی پی آئی-ایم (نین سرکار) سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان پانچوں کو ایک دن کے لیے اسمبلی سے معطل کیا گیا ہے۔ اسپیکر کے اس فیصلہ کے بعد اپوزیشن اراکین اسمبلی نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔