دی برننگ ٹرین: فلک نما ایکسپریس کے 3 ڈبے جل کر خاک، ویڈیو میں ہر طرف دھواں ہی دھواں
فلک نما ایکسپریس کے سلیپر کوچ ایس 4، ایس 5 اور ایس 6 میں آگ لگی تھی، جس وقت ٹرین میں آگ لگی وہ ہوڑہ سے سکندر آباد کی طرف جا رہی تھی۔
تلنگانہ میں مسافروں سے بھری ایک ٹرین شدید آتشزدگی کا شکار ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تلنگانہ کے یداددری ضلع کے پڈیگی پلی اور بومئی پلی علاقہ کے پاس یہ حادثہ پیش آیا جہاں فلک نما ایکسپریس کی تین بوگیوں میں آگ لگنے سے مسافروں میں افرا تفری مچ گئی۔ آگ کی شدت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کی لپٹیں اور دھواں دور دور تک دکھائی دے رہی تھیں۔ ٹرین میں آگ کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں جس میں ہر طرف دھواں ہی دھواں پھیلا ہوا دکھائی دے رہا۔
بتایا جاتا ہے کہ فلک نما ایکسپریس کے سلیپر کوچ ایس 4، ایس 5 اور ایس 6 میں آگ لگی تھی۔ جس وقت ٹرین میں آگ لگی، اس وقت ٹرین ہوڑہ سے سکندر آباد کی طرف جا رہی تھی۔ آگ کا پتہ لگتے ہی مسافروں میں افرا تفری کا عالم پیدا ہو گیا۔ جیسے ہی ٹرین میں آگ لگنے کی خبر لوکو پائلٹ اور ریل انتظامیہ کو ملی، فوری طور پر ٹرین روکا گیا اور مسافروں کو باہر نکالا گیا۔ خوش قسمتی یہ رہی کہ سبھی مسافر بحفاظت ٹرین سے باہر نکل گئے اور پھر فائر بریگیڈ دستہ نے آگ کو بجھانے کی کوششیں شروع کر دیں۔
موصولہ جانکاری کے مطابق فلک نما ایکسپریس کے تین ڈبے جل کر خاک ہو گئے ہیں اور ریلوے نے اس حادثہ کی جانچ بھی شروع کر دی ہے۔ ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ آگ کیسے لگی۔ شروعاتی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ آگ پہلے ایک کوچ میں لگی تھی اور دھیرے دھیرے آس پاس کے دونوں ڈبوں میں پھیل گئی۔ ڈرائیور کو آگ لگنے کی خبر ملی تو اس نے فوراً ریلوے افسران کو اس کی جانکاری دی اور ٹرین روک دی۔ اس کے بعد سبھی مسافروں کو ٹرین سے باہر نکالا گیا۔ فی الحال ٹرین میں سوار مسافروں کو دوسری ٹرین سے سکندر آباد بھیجنے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
ڈی جی پی تلنگاہن پولیس کے ٹوئٹر ہینڈل سے اس واقعہ کے بارے میں اہم جانکاری دی گئی ہے۔ اس ٹوئٹ میں جانکاری دی گئی ہے کہ بھونگیر دیہی پی ایس دائرہ کے قریب فلک نما ایکسپریس میں آگ لگنے کے بعد تمام مسافروں کو بحفاظت نکال کر بسوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس، فائر ڈپارٹمنٹ اور ریلوے آپس میں مل کر کام کر رہے ہیں۔ ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ اس ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ٹرین کے 18 کوچز میں سے 11 کو الگ کر کے آگ سے بحفاظت دور کر دیا گیا ہے۔ 7 بوگیوں میں تک آگ پہنچ گئی تھی جس میں سے 3 بوگیوں کی آگ اب بجھا دی گئی ہے۔
بہرحال، چشم دید لوگوں نے حادثہ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ٹرین کے تین ڈبوں ایس 4، ایس 5 اور ایس 6 میں آگ لگی تھی۔ آگ کی خبر ملتے ہی مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ کئی مسافروں نے ٹرین سے کود کر جان بچانے کی کوشش کی، حالانکہ جلد ہی ٹرین کو روک دیا گیا۔ اس کے بعد کچھ مقامی لوگ بھی پہنچ گئے اور مسافروں کو ٹرین سے اتارنے میں مدد کرنے لگے جس سے ایک بڑا نقصان ہونے سے بچ گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔