وارانسی: رام نگر کی تاریخی 'رام لیلا' پر کورونا کا سایہ، کیا ٹوٹ جائے گی 200 سال قدیم روایت!
جدید دور میں سب کچھ بدلا لیکن رام نگر کی 'رام لیلا' آج بھی اپنے اسی پرانے انداز میں ہوتی رہی ہے۔ بغیر لاؤڈاسپیکر پیٹرومیکس میں ہونے والی رام لیلا کی شروعات 1806 میں ہوئی تھی۔
کورونا وائرس (کووڈ-19) نے اس سال سبھی مذاہب کے تہواروں پر ایسا حملہ کیا ہے جس کی کوئی مثال ماضی میں دور دور تک نظر نہیں آتی۔ اب اس کورونا بحران کا اثر رام نگر کی تاریخی رام لیلا پر بھی پڑتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ کاشی نریش کورونا سے بیمار ہیں اور مانا جا رہا ہے کہ اس بار رام نگر کی رام لیلا ملتوی ہو جائے گی۔ حالانکہ ابھی کاشی نریش کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی تحریری وضاحت سامنے نہیں آئی ہے، لیکن رام لیلا کی کوئی تیاری بھی نظر نہیں آ رہی ہے جس سے تقریب کے انعقاد پر شبہات کے بادل گہراتے نظر آ رہے ہیں۔
سبھی کی زبان پر اب یہی بات گشت کر رہی ہے کہ وارانسی میں گنگا کے اس پار ہونے والی رام لیلا اس بار نہیں ہو پائے گی۔ رام نگر میں 7 اگست کو گنیشن پوجا نہیں ہو پائی، اس کے ساتھ ہی کاشی نریش کورونا سے متاثر ہو گئے۔ لہٰذا رام نگر سمیت کاشی اور پڑوسی اضلاع کے مشہور اُتسو (تہوار) پر اس بار کورونا کا گہن نظر آ رہا ہے۔ اس سلسلے میں 'اے بی پی' پر ایک رپورٹ بھی شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 'اے بی پی گنگا' کی ٹیم نے رام لیلا میں شروعاتی دنوں سے شامل ہونے والے اداکاروں سے بات چیت کی، لیکن ان میں بھی تقریب کو لے کر مایوسی ہی دیکھنے کو ملی۔
قابل ذکر ہے کہ جدید دور میں سب کچھ بدلا لیکن رام نگر کی 'رام لیلا' آج بھی اپنے اسی پرانے انداز میں ہوتی رہی ہے۔ بغیر لاؤڈاسپیکر پیٹرومیکس میں ہونے والی رام لیلا کی شروعات 1806 میں ہوئی تھی۔ 83 سے 84 دنوں کی اس رام لیلا کو دیکھنے کے لیے ہزاروں کی بھیڑ جمع ہوتی تھی، لیکن اس بار کورونا سے تقریباً 200 سال قدیم یہ روایت ٹوٹی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ اس وقت جس رام نگر کو سج دھج کر تیار رہنا چاہیے تھا، وہاں سناٹا پسرا ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 03 Sep 2020, 11:14 PM