پانی پانی ہوا اتراکھنڈ، 16 جولائی تک ریاست کے بیشتر اضلاع میں ہوگی بارش، یلو اور آرینج الرٹ جاری
اتراکھنڈ میں لگاتار بارش کے سبب ریاست کی 449 سڑکیں بند ہیں، چاردھام یاترا بھی متاثر ہوئی ہے، پہاڑوں پر ہوئی بارش کی وجہ سے ندیوں میں طغیانی بڑھ گئی ہے۔
اتراکھنڈ میں گزشتہ کئی دنوں سے پہاڑ سے لے کر میدان تک زوردار بارش نے تباہی کا عالم پیدا کر رکھا ہے۔ اس درمیان محکمہ موسمیات نے تازہ الرٹ میں کہا ہے کہ 16 جولائی تک ریاست کے بیشتر اضلاع میں بارش کا دور جاری رہے گا۔ اس سلسلے میں یلو اور آرینج الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات سنٹر کے مطابق 13 اور 14 جولائی کو اتراکھنڈ میں بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریاست کے بیشتر علاقوں میں گرج اور چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارش ہو سکتی ہے۔ کچھ مقامات پر آسمانی بجلی چمکنے اور تیز سے بہت تیز بارش کا امکان بھی ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات سنٹر، دہرادون کے ڈائریکٹر کے مطابق 13 جولائی کو ضلع گڑھوال میں کہیں کہیں بھاری بارش اور کہیں کہیں گرج کے ساتھ آسمانی بجلی چمکنے اور تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اتراکھنڈ میں لگاتار ہو رہی زبردست بارش کے سبب ریاست میں 449 سڑکیں بند ہیں اور چار دھام یاترا بھی متاثر ہو رہی ہے۔ زوردار بارش کی وجہ سے کماؤں اور گڑھوال ڈویژن میں عام معمولات زندگی بری طرح متاثر ہے۔ پہاڑوں پر ہوئی بارش کی وجہ سے ندیوں کی آبی سطح بڑھ گئی ہے اور طغیانی عروج پر ہے۔ گنگا اور الکنندا ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ لہٰذا میدانی علاقے میں کئی مقامات غرقاب ہو گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے سے بارش لگاتار ہو رہی ہے۔ آفت والی بارش کی وجہ سے دو لوگوں کی موت بھی ہو گئی ہے اور ایک شخص لاپتہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔