اتراکھنڈ: پرینکا گاندھی نے کانگریس کا انتخابی منشور جاری کیا، سلنڈر کی قیمت 500 روپے کرنے کا وعدہ

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کانگریس کے نعرہ ’لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے ایشوز بہت اہم ہیں جنھیں اب تک نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔

تصویر ٹوئٹر @priyankagandhi
تصویر ٹوئٹر @priyankagandhi
user

قومی آواز بیورو

اتراکھنڈ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر پرینکا گاندھی نے 2 فروری کو انتخابی منشور جاری کر دیا۔ انھوں نے دہرادون سے ورچوئل ریلی کو خطاب کیا اور اتراکھنڈ میں بی جے پی کی پانچ سالوں کی حکمرانی کے دوران پیدا مسائل کا تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ اتراکھنڈ میں بی جے پی نے ہر وعدہ کو توڑا ہے۔ بی جے پی حکومت میں کسان، نوجوان اور دلت سبھی پریشان ہیں۔

پرینکا گاندھی نے کانگریس کا انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے ریاست میں حکومت سازی کی صورت میں گیس سلنڈر کی قیمت 500 روپے تک محدود کرنے کا وعدہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی گیس کی قیمتوں سے ہر کوئی پریشان ہے۔ اتراکھند میں کانگریس حکومت بننے پر رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت کو 500 روپے سے زیادہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔


کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کانگریس کے نعرہ ’لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ کا تذکرہ بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ خواتین کے ایشوز بہت اہم ہیں جنھیں اب تک نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ پرینکا نے کہا کہ خواتین ہی مہنگائی اور سماج کا بوجھ اٹھاتی ہیں۔ کورونا بحران میں آشا ورکر، آنگن باڑی کی خواتین پریشان ہوئیں، لیکن ہمت کے ساتھ آگے بڑھیں۔

ورچوئل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے گیس کی قیمت 500 روپے تک محدود کرنے کے علاوہ 4 لاکھ روزگار پیدا کرنے، سیاحتی پولیس پر مبنی ایک الگ فورس بنانے، 40 فیصد سرکاری روزگار میں خواتین کو ترجیح دینے جیسے وعدے بھی کیے۔


دہرادون پہنچی پرینکا گاندھی نے کانگریس امیدواروں کے تعلق سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انھوں نے سبھی لوگوں کے پس منظر کو مدنظر رکھا ہے اور مناسب امیدوار کا انتخاب کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانپور میں جس لڑکی کی بہن کے ساتھ ظلم ہوا ہے ہم نے اس کو ٹکٹ دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔