اتراکھنڈ کے بدری ناتھ دھام میں دو فریقین کے درمیان تصادم، فائرنگ سے علاقے میں دہشت

سینئر پولیس افسر لکشمی پرساد بلجوان نے بتایا کہ جمعہ کی دیر شب شراب کے نشے میں لامبگڑ باشندہ انوج اور کلدیپ بدری ناتھ دھام میں کپڑوں کا کاروبار کرنے والے ونیت سینی کی دکان میں گھسے اور ہنگامہ کیا۔

فائرنگ، علامتی تصویر یو این آئی
فائرنگ، علامتی تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

بدری ناتھ دھام سے ایک حیران کرنے والا واقعہ سامنے آ رہا ہے۔ بدری ناتھ دھام ہندوؤں کے عقیدے کے لیے پوری دنیا میں مشہور ہے، لیکن یہاں کی پرامن فضاؤں میں بھی زہر گھلتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ جمعہ کی دیر شب یہاں دو فریقین کے درمیان تصادم کا معاملہ پیش آیا جس کے بعد فائرنگ نے علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔

فائرنگ اور تصادم کی اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ بدری ناتھ کوتوالی میں تعینات سینئر پولیس ڈپٹی انسپکٹر لکشمی پرساد بلجوان نے بتایا کہ جمعہ کی دیر شب شراب کے نشے میں لامبگڑ باشندہ انوج اور کلدیپ بدری ناتھ دھام میں کپڑوں کا کاروبار کرنے والے ونیت سینی کی دکان میں گھسے۔ اس کے بعد ونیت سے گالی گلوج کرنے لگے جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا۔ اتنے میں ونیت سینی نے جھگڑے کے درمیان پستول سے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ ہوتے ہی انوج اور کلدیپ بھاگ کھڑے ہوئے۔


واقعہ کی خبر ملنے کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے دونوں فریقین کے درمیان ہوئے جھگڑے کو ختم کروایا۔ اس معاملے میں انوج کی طرف سے دی گئی تحریر کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ ونیت سینی کی پستول کی جانچ کے لیے ہریدوار ضلع مجسٹریٹ کے دفتر سے جانکاری حاصل کی جا رہی ہے۔ جانچ کے بعد آگے کی کارروائی کی جائے گی۔ دیر رات ہی انوج اور کلدیپ کا میڈیکل ٹیسٹ کرایا گیا اور پھر انھیں گھر والوں کے سپرد کر دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔