اتراکھنڈ بی جے پی میں بغاوت جاری، 2 اراکین اسمبلی کا استعفیٰ، دھن سنگھ کانگریس میں شامل

کانگریس میں شامل ہوئے دھن سنگھ نیگی نے بی جے پی کے ٹہری امیدوار اور سابق کانگریس لیڈر کشور اپادھیائے پر کروڑوں روپے میں ٹکٹ خریدنے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔

تصویرآئی اے این ایس
تصویرآئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

اتراکھنڈ اسمبلی انتخاب سے قبل برسراقتدار بی جے پی میں عدم اطمینان کی زبردست لہر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ جمعرات کو بی جے پی کے دو اراکین اسمبلی نے پارٹی سے استعفیٰ دیا۔ ان اراکین اسمبلی کا تعلق ٹہری اور رودرپور اسمبلی حلقہ سے ہے۔ ٹہری سے رکن اسمبلی دھن سنگھ نیگی نے جمعرات کو بی جے پی سے استعفیٰ دے کر کانگریس کی رکنیت اختیار کر لی۔ دوسری طرف رودرپور سے ٹکٹ کٹنے سے ناراض رکن اسمبلی راج کمار ٹھکرال نے بھی بی جے پی سے استعفیٰ کا اعلان کر دیا۔ انھوں نے ریاستی صدر مدن کوشک کو استعفیٰ نامہ بھیج دیا ہے۔ انھوں نے اس میں لکھا ہے کہ سازش کے سبب ان کا ٹکٹ کٹوا دیا گیا ہے اور اب وہ بطور آزاد امیدوار انتخاب میں کھڑے ہوں گے۔

دراصل بدھ کو بی جے پی کی فہرست جاری ہوئی تھی جس میں رودرپور سے سٹنگ رکن اسمبلی ٹھکرال کا ٹکٹ کٹ گیا تھا۔ رودرپور سیٹ پر بی جے پی ضلع صدر شیو ارورا پر بھروسہ ظاہر کرتے ہوئے پارٹی نے ان کا ٹکٹ فائنل کیا ہے۔ ٹکٹ کے اعلان کے بعد سے رکن اسمبلی راج کمار ٹھکرال کا فون بھی سوئچ آف ہو گیا۔ رودرپور میں بی جے پی ضلع صدر شیو ارورا اور سٹنگ رکن اسمبلی راج کمار ٹھکرال کے درمیان ٹکٹ کو لے کر رسہ کشہ چل رہی تھی۔ دونوں ہی لیڈر طویل مدت تک دہلی پہنچ کر ٹکٹ کے لیے کوشش کرتے رہے تھے۔


اس درمیان جمعرات کو کانگریس میں شامل ہوئے دھن سنگھ نیگی نے بی جے پی کے ٹہری امیدوار اور سابق کانگریس ریاستی صدر کشور اپادھیائے پر سنگین الزام عائد کیا ہے۔ دھن سنگھ کا الزام ہے کہ کشور نے ٹہری سیٹ کا ٹکٹ کروڑوں روپے میں خریدا ہے۔ واضح رہے کہ کشور اپادھیائے کو کانگریس نے بدھ کو ہی چھ سال کے لیے پارٹی سے نکال دیا تھا۔ بعد ازاں وہ جمعرات کو بی جے پی میں شال ہو گئے اور پھر پارٹی نے انھیں ٹہری سیٹ سے امیدوار بنا دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔