اتراکھنڈ انتخاب: منگلور میں پی ایم مودی پر خوب برسے راہل گاندھی
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آج اتراکھنڈ کے منگلور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی نے اتراکھنڈ کو برباد کرنے کا کام کیا ہے، کانگریس ریاست کو پھر سے خوشحال کرنے کا کام کرے گی۔‘‘
اتراکھنڈ میں 14 فروری یعنی ووٹنگ کا دن جیسے جیسے قریب آ رہا ہے، کانگریس اور دیگر پارٹیوں کے لیڈران انتخابی تشہیر میں تیزی لا رہے ہیں۔ اس ضمن میں آج کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اتراکھنڈ کے کئی علاقوں کا دورہ کیا۔ انھوں نے منگلور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف پرزور تقریر کی۔ راہل گاندھی نے عوام سے خطاب کے دوران کہا کہ ’’مودی حکومت دو ہندوستان بنا رہی ہے۔ ایک ارب پتیوں کا اور دوسرا بے روزگاروں کا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’پی ایم مودی کو لگتا ہے کہ سب ان سے ڈرتے ہیں، لیکن میں نہیں ڈرتا۔ مجھے انھیں دیکھ کر ہنسی آتی ہے۔ ایک انٹرویو میں مودی جی نے کہا تھا کہ راہل نہیں سنتے۔ کیا آپ سمجھ گئے کہ اس کا کیا مطلب تھا؟ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ای ڈی، سی بی آئی کا دباؤ راہل پر کام نہیں کرتا اور وہ پیچھے نہیں ہٹتے۔‘‘
راہل گاندھی نے ملک میں غریبوں کی حالت زار کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں کے لیے اس ملک میں جگہ نہیں ہے۔ چین نے ہندوستان کی زمین دبائی لیکن نریندر مودی اس پر بھی نہیں بولتے۔ مودی نے نوٹ بندی کر ملک کو برباد کر دیا۔ راہل گاندھی نے سوال کیا کہ جب نوٹ بندی ہوئی تو کیا کوئی ارب پتی لائن میں لگا؟ کیا کالا دھن بند ہو گیا؟ پی ایم مودی نے جی ایس ٹی نافذ کر کام دھندے ٹھپ کر دیے جس سے نوجوان طبقہ بے روزگار ہو گیا۔ کورونا آیا تو مودی جی بولے تھالی بجاؤ، موبائل کی لائٹ جلاؤ، یہ مودی کی سچائی ہے۔
عوام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے یہ بھی کہا کہ کورونا بحران میں جب ونٹلیٹر، دوا، آکسیجن کی ضرورت تھی تب مودی حکومت کا پتہ نہیں تھا۔ یہ کام حکومت کا تھا لیکن ہم نے کیا۔ اب حکومت بولتی ہے کہ ایسا کیوں کیا۔ یو پی اے کی حکومت نے کروڑوں لوگوں کو غریبی سے نکالا، لیکن مودی حکومت نے پھر انھیں غریبی میں دھکیل دیا۔ اتراکھنڈ میں بی جے پی نے تین وزرائے اعلیٰ بدلے، کیونکہ وہ بدعنوانی میں ملوث تھے۔ اس بار ریاست میں کانگریس عوام کی حکومت قائم کرے گی۔ راہل گاندھی نے اپنی گزشتہ تقریروں کی طرح منگلور میں ایک بار پھر دہرایا کہ ’’دہلی میں وزیر اعظم نہیں ہے، وہاں راجہ بیٹھا ہا ہے۔ ہمیں غریبوں کی حکومت، روزگار دلانے والوں کی حکومت چاہیے۔ وزیر اعظم مودی بولتے ہیں 70 سال میں ملک میں کچھ نہیں ہوا ہے۔ یہ سڑکیں جادو سے بنی ہیں کیا؟ وزیر اعظم کون سی دنیا میں رہتے ہیں۔‘‘
جلسۂ عام سے خطاب کے دوران راہل گاندھی نے کانگریس کے انتخابی منشور میں مذکور وعدوں کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم چار لاکھ نوجوانوں کو روزگار دینے کے ساتھ ہی سلنڈر کی قیمت 500 روپے سے کم رکھیں گے۔ پانچ لاکھ کنبوں کو سالانہ 40 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ ہر گاؤں، ہر گھر تک طبی خدمات پہنچائی جائیں گی۔ ’نیائے یوجنا‘ نافذ ہوگا۔ بی جے پی نے اتراکھنڈ کو برباد کرنے کا کام کیا ہے، کانگریس اتراکھنڈ کو پھر سے خوشحال کرنے کا کام کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔