اتر پردیش: ڈھائی فُٹ کے عظیم منصوری کی جلد ہوگی شادی، دلہن کی تصویر آئی سامنے

بشریٰ کی ماں کا کہنا ہے کہ ’’اس رشتے سے میں بہت خوش ہوں۔ نکاح ڈیڑھ سال بعد ہونا ہے اور بڑی لڑکی زویا کے لیے بھی ہم لڑکا دیکھ رہے ہیں، ہم سوچ رہے ہیں کہ دونوں کا نکاح ایک ساتھ ہو جائے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

اتر پردیش واقع شاملی کے باشندہ عظیم منصوری کا قد محض ڈھائی فٹ ہے اور انھیں اپنی دلہن کی تلاش شدت کے ساتھ تھی جو کہ اب ختم ہو چکی ہے۔ اب یہ طے پا چکا ہے کہ بشریٰ ان کی دلہن بنیں گی جس سے جلد ہی ان کا نکاح ہوگا۔ ڈھائی فٹ کے عظیم منصوری نے کچھ وقت پہلے تھانہ پہنچ کر پولس سے اپنے لیے دلہن ڈھونڈنے کی گزارش کی تھی اور اس وقت سے ہی سوشل میڈیا پر ان کا ویڈیو اتنا وائرل ہوا کہ ہر شخص انھیں پہچان گیا۔ اپنے پستہ قد کی وجہ سے عظیم منصوری کافی پریشان تھے اور انھیں دلہن نہیں مل پا رہی تھی، لیکن ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وہ راتوں رات ہیرو بن گئے تھے اور ملک کے مختلف حصوں سے ان کے لیے رشتے آنے لگ گئے۔ ان ڈھیر سارے رشتوں میں عظیم منصوری نے اتر پردیش کے ہاپوڑ میں رہنے والی لڑکی بشریٰ کو اپنی شریک حیات بنانے کا فیصلہ کیا۔ قابل ذکر ہے کہ بشریٰ کا قد بھی ڈھائی فُٹ ہے اور اس کی تصویر پہلی بار سامنے آئی ہے۔

حال ہی میں ہاپوڑ کی رہنے والی بشریٰ کے ساتھ عظیم منصوری کی سگائی پکی ہوئی ہے۔ 20 سالہ بشریٰ بی کام سال اول کی پڑھائی کر رہی ہے اور پڑھائی پوری ہونے کے بعد ہی دونوں کا نکاح ہو جائے گا۔ پستہ قد کی وجہ سے کئی سالوں سے شادی کا خواب دیکھ رہے عظیم منصوری کی خواہش پوری نہیں ہو پا رہی تھی، لیکن اب سب کچھ ٹھیک ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عظیم کو غازی آباد سے گجرولہ سمیت دیگر مقامات سے رشتے آنے شروع ہو گئے تھے، اسی دوران ضلع ہاپوڑ کے مجید پورہ باشندہ حاجی ایوب نے عظیم کا ویڈیو دیکھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ عظیم کے رشتہ دار شاہد منصوری اور حاجی ایوب ایک ساتھ پارٹنرشپ میں پراپرٹی کا کام کرتے ہیں، تبھی ان کو خیال آیا کہ ان کے محلے میں رہنے والی بشریٰ بھی عظیم کے قد کی ہی ہے۔ پھر حاجی ایوب کو دونوں کی شادی کرانے کا خیال آیا جس کے بعد انھوں نے لڑکی کے والد سے بات کی اور لڑکی والوں نے عظیم کے گھر رشتہ بھیج دیا۔


عظیم کے والد سے رشتے کی بات کرنے کے بعد بشریٰ کے گھر والے عظیم کو دیکھنے کے لیے شاملی پہنچے تھے جنھیں عظیم منصوری پسند آ گیا تھا۔ اب عظیم کے گھر والے گزشتہ بدھ کو بشریٰ کو دیکھنے کے لیے ہاپوڑ پہنچے تھے جہاں پر دونوں کے اہل خانہ نے رشتہ پکا کر دیا اور سگائی بھی کر دی۔ اب جلد ہی بشریٰ کی بی کام کی پڑھائی پوری ہونے کے بعد دونوں کی شادی بھی ہو جائے گی۔

حاجی ایوب نے اس رشتہ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ عظیم منصوری کے گھر والوں کو بشریٰ پسند آ گئی ہے اور انھوں نے رسم کے طور پر 2100 روپے اور ایک سونے کی انگوٹھی بشریٰ کو دی ہے۔ دونوں کی شادی پکی ہو گئی ہے اور دونوں کے ہی گھر والے خوش ہیں۔ شاہد منصوری نے اس رشتہ کے تعلق سے کہا کہ ’’دونوں کی شادی کرانے کا خیال مجھے وائرل ویڈیو کو دیکھ کر آیا جس کے بعد دونوں کی سگائی گزشتہ بدھ کو ہو گئی ہے۔ بشریٰ کی لمبائی تقریباً 3 فُٹ ہے اور اس کی عمر 20 سال ہے۔‘‘


ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ میں شائع ایک رپورٹ میں بشریٰ کی بڑی بہن زویا کا بیان سامنے آیا ہے۔ زویا کا کہنا ہے کہ ’’عظیم اور بشریٰ کی شادی طے ہونے کے بعد ہم سب بہت خوش ہیں اور بشریٰ بہت خوش قسمت ہے کہ اسے عظیم جیسا ہم سفر ملا ہے۔ بشریٰ بھی عظیم کو لے کر بہت خوش ہیں۔‘‘ زویا مزید کہتی ہیں کہ ’’میرے لیے بھی لڑکا تلاش کیا جا رہا ہے، ہم دونوں بہنوں کا ایک ساتھ نکاح ہو جائے گا۔‘‘

بیٹی کی سگائی طے ہونے پر بشریٰ کی ماں نے کہا کہ ’’اس رشتے سے میں بھی بہت خوش ہوں۔ نکاح ڈیڑھ سال بعد ہونا ہے اور بڑی لڑکی زویا کے لیے بھی ہم لڑکا دیکھ رہے ہیں، ہم سوچ رہے ہیں کہ دونوں کا نکاح ایک ساتھ ہو جائے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Apr 2021, 3:10 PM