مختار انصاری کے لئے باندا جیل تیار، آج شام تک پہنچنے کے امکان
ذرائع نے بتایا کہ مختار انصاری کے قافلے میں پولیس کی تقریباً 8 گاڑیوں کے علاوہ کینن گاڑی بھی لگائی گئی ہے۔ مختار کو خصوصی گاڑی میں لایا جائے گا۔ اس قافلے میں پی اے سی اور ایمبولینس بھی ہوگی۔
لکھنؤ: مافیا سرغنہ اور مئو کے رکن اسمبلی مختار انصاری کے لئے اترپردیش کی باندا جیل میں حفاظتی انتظامات چاک وچوبند کیے گئے ہیں۔ انصاری کو پیر کے روز پنجاب کی روپڑ جیل سے یہاں لایا جا رہا ہے۔ اسے باندا جیل میں لانے کی ذمہ داری پریاگ راج کے ایڈیشنل ڈی جی پی پریم پرکاش کو سونپی گئی ہے۔ یو پی پولیس کا خصوصی دستہ مختار کو لانے کے لئے پنجاب روانہ ہوچکا ہے۔ بی ایس پی کے دبنگ رکن اسمبلی کے آج شام تک باندا جیل پہنچنے کا امکان ہیں۔ پولیس کے جوانوں کے علاوہ کمانڈو کا اسپیشل دستہ مختار انصاری کو سڑک کے راستے یہاں لائے گا۔
دوسری جانب جیل انتظامیہ نے مختار کے لئے خصوصی تیاری کر رکھی ہے۔ جیل کے مرکزی گیٹ سمیت دیگر مقامات پر اضافی سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ جیل کے گرد سیکورٹی اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ سیکورٹی فورسز کی ایک بڑی تعداد جیل کی حدود کے باہر تعینات کردی گئی ہے۔ ڈیوٹی پر موجود جیل ملازمین کو بھی جانچ کے بعد داخلہ دیا جا رہا ہے۔ قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ مختار انصاری کے قافلے میں پولیس کی تقریباً آٹھ گاڑیوں کے علاوہ کینن گاڑی بھی لگائی گئی ہے۔ مختار کو خصوصی گاڑی میں لایا جائے گا۔ اس قافلے میں بٹالین پی اے سی اور ایمبولینس بھی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : رافیل لڑاکو جہاز سودے میں بدعنوانی کا جن پھر باہر
واضح رہے کہ پنجاب کے محکمہ داخلہ نے سپریم کورٹ کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے۔ یوپی کے ایڈیشنل چیف سکریٹری (ہوم) کو لکھے گئے خط میں، پنجاب حکومت نے مختار انصاری کے تبادلے کے لئے مناسب انتظامات کرنے کو کہا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ مختار انصاری کو متعدد بیماریاں ہیں اور انھیں لے جانے کے انتظامات کرتے وقت ان کا خیال رکھا جانا چاہیے۔ مختار انصاری کے خلاف یوپی میں گینگسٹر، اقدام قتل، قتل، دھوکہ دہی اور سازش کے متعدد مقدمات درج ہیں۔ وہ جنوری 2019 سے جبری وصولی کے الزام میں پنجاب کی ایک جیل میں بند ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔