اتر پردیش: پرینکا گاندھی کی آج مردآباد میں ’پرتگیہ ریلی‘

مغربی اتر پردیش میں کانگریس کو مضبوط کرنے کے ارادے سے پرینکا واڈرا کے لئے 2 دسمبر کو مراد آباد میں ’پرتگیہ ریلی‘ کا پروگرام رکھا گیا ہے۔

پرینکا گاندھی، تصویر ٹوئٹر INC India
پرینکا گاندھی، تصویر ٹوئٹر INC India
user

یو این آئی

مرادآباد: کانگریس جنرل سکریٹری اور اتر پردیش کی پارٹی کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا مغربی اتر پردیش کے ضلع مراد آباد میں آج پرتگیہ ریلی کا انعقاد کرکے پارٹی کارکنوں کو آئندہ اسمبلی الیکشن کے لیے انتخابی حکمت عملی سے آگاہ کریں گی۔ پرینکاگ گاندھی کے پروگرام کے مطابق وہ مراد آباد کے بدھی وہار میں پرتگیہ ریلی سے خطاب کریں گی۔ کانگریس کے اقلیتی مورچہ کے صدر عمران پرتاپ گڑھی جو پرینکا گاندھی کے مرادآباد دورے کے انچارج ہیں، وہ گزشتہ روز سے جلسہ گاہ پر تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ 15 نومبر کو کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کی خرابی صحت کی وجہ سے ان کا مرادآباد کا دورہ آخری وقت پر ملتوی کر دیا گیا تھا۔ خیال رہے پرینکا گاندھی کے شوہر رابرٹ واڈرا کا آبائی ضلع ہونے کی وجہ سے مراد آباد پرینکا گاندھی کی سسرال بھی ہے۔ پرینکا واڈرا کے دورہ مرادآباد کے حوالہ سے سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ٹریفک اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ مرادآباد نے قانون اور سیکورٹی کے پیش نظر سرکٹ ہاؤس اور بدھی وہار علاقہ کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات بھی دیں۔


قابل ذکر ہے کہ مغربی اتر پردیش میں کانگریس کو مضبوط کرنے کے ارادے سے پرینکا واڈرا کے لئے 2 دسمبر کو مراد آباد میں ’پرتگیہ ریلی‘ کا پروگرام رکھا گیا ہے۔ اس میں کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو، عمران پرتاپ گڑھی اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈران اس ریلی میں شرکت کریں گے۔

اس ریلی کا مقصد کانگریس کے روایتی ووٹروں کو واپس لانا ہے، جو ایس پی، بی ایس پی اور بی جے پی میں چلے گئے ہیں۔ اس کے پیش نظر آئندہ اسمبلی انتخابات میں پرینکا واڈرا نے 40 فیصد خواتین کو ٹکٹ، انٹر پاس لڑکیوں کو اسمارٹ فون، گریجویشن پاس کرنے والی لڑکیوں کو الیکٹرانک اسکوٹی اور کسانوں کا پورا قرض معاف کرنے کے علاوہ 20 لاکھ نوجوانوں کو سرکاری ملازمت دینے، کورونا وائرس سے متاثر کنبوں کو 25 ہزار روپے کی مدد، آنگن واڑی خواتین کے اعزازیہ میں اضافہ اور کورونا کی مدت کے واجبات کی ادائیگی سمیت کئی انتخابی وعدوں کو بھی شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔